{AF}
مودی نے مظالم بند نہ کیے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ دیا تو لاکھوں کشمیری سیز فائر لائن روندھ ڈالیں گے، عبدالرشید ترابی {/AF}
مودی اس صدی کا سب سے بڑا جنگی مجرم ہے ، کشمیر ہندوستانی فوج کا قبرستان بنے گا، راجہ فاروق حیدر نریندر مودی نے مظالم بند نہ کیے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ دیا تو لاکھوں کشمیری سیز فائر لائن روندھ ڈالیں گے، عبدالرشید ترابی سراں ، چکوٹھی ( پ ر )نو منتخب وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر اور امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے نریندر مودی کے مظالم کے خلاف’’ یوم مذمت ‘‘کے موقع پر راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیری آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق اور متحد ہیں ، مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی پشت پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کھڑے ہیں ۔ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام بھی اپنی پوری کمٹمنٹ کیساتھ کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر محمد مشتاق خان کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی ، ڈاکٹر محمد مشتاق خان ، غلام محمد صفی ، پروفیسر شوکت سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔دریں اثناء راجہ فاروق حیدر اور جماعت اسلامی کی طرف سے دی گئی یوم مذمت کی کال پر کارروان چکوٹھی پہنچا جہاں جلسہ عام کی شکل اختیار کر گیا اور قائدین نے یہاں بھی خطاب کیا۔ ان مواقعوں پر خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدرنے کہاکہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر رہا ہے ، حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ عوام اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے نکلیں گے کوئی بھی حکومت ان کو سیز فائر لائن عبور کرنے سے نہیں روک سکتی ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی ادارے ، اقوام متحدہ ، او آئی سی ، اور یورپی یونین اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ، اگر ایسا نہیں ہوگا تو پھر دونوں طرف کے عوام لاکھوں کی تعداد میں جمع ہو کر اس سیز فائر لائن کو توڑ ڈالیں گے۔ اس موقع پر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف سے گزارش کی تھی کہ ہم ہندوستان کے عام آدمی کے دشمن نہیں ہیں بلکہ ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں اور وہ حق جس کو دنیا تسلیم کر چکی ہے اور خود ہندوستان کی قیادت عالمی اداروں اور عالمی دنیا کے سامنے تسلیم کر چکی ہے۔ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ ہو ، اس کی زد میں پوری دنیا آئے گی ۔ میں سید علی گیلانی ، شبیر شاہ ، یاسین ملک اور کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی کی منزل کے حصول تک ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریندر مودی جنگی مجرم ہے ، حریت پسند کشمیری عوام اور قائدین قابض ہندوستانی فوج کا قبرستان مقبوضہ کشمیر میں بنائیں گے ، کشمیری آزادی کے حصول کے لیے پرعزم ہیں ، اور ظلم اور جبر سے آزادی کے راستے سے نہیں ہٹیں گے ، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے حکم پر قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر کو قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ہر گھر میں زخمی اور لاش پڑی ہوئی ہے ، ہسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں ، ادویات کی کمی پڑ گئی ہے ، میاں نواز شریف نے جو اعلان کیا تھا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کا بندوبست ہونا چاہیے اس کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے بھارت کشمیریوں کو تڑپا تڑپا کر مارنے سے تسکین حاصل کر رہا ہے ان حالات میں پاکستان آزاد کشمیر اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو مظالم سے روکیں اور کشمیریوں کو ان کا حق دلوائیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر ممنوعہ اور کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ دیا اور مظالم جاری رکھے تو لاکھوں کشمیری سیز فائر لائن کو پاؤں تلے روندھ ڈالیں گے۔ اس موقع پر غلام محمد صفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے چھ لاکھ جانوں کا نذرانہ پیش کردیا ہے وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ اس علاقے کے لوگوں کا تحریک آزادی کشمیر میں بہت بڑا کردار ہے اپنے بھائیوں کی پہلے بھی مدد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔