{AF}
مغربی عالمی دنیا کے سامنے اسلام کا حقیقی تصور اور چہرہ نمایاں کرنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
راولپنڈی ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مغربی عالمی دنیا کے سامنے اسلام کا حقیقی تصور اور چہرہ نمایاں کرنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے ، یو کے اسلامک مشن کا برطانیہ میں ابلاغ اسلام کے حوالے سے خدمات قابل تحسین ہیں ، اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے ، اس وقت پوری انسانیت کو جس نظام کی تلاش ہے وہ نظام مسلمانوں کے پاس ہے ، اسلامی نظام کے نفاذ کی ضرورت ہے تا کہ عالمی اور مغربی دنیا اس کے نظام کو دیکھتے ہوئے اس کو قبول کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے یو کے اسلامک مشن کے سابق صدر مولانا سرفراز مدنی کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر یو کے اسلامک مشن کے سابق صدر مولانا سرفراز مدنی نے عبدالرشید ترابی کو ممبر اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ تحریک آزادی کشمیر اور اسلام کے نفاذ اور ابلاغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے، عبدالرشید ترابی کا تحریک آزادی کشمیر میں بنیادی اور کلیدی کردار ہے پوری کشمیری قوم اور اوور سیز کشمیری اس کا اعتراف کرتے ہیں اور ان کی خدمات کی تحسین کرتے ہیں ، اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے وہ اس تحریک کی اور موثر آواز بنیں گے اور اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ کے کردار کو بحال کرنے والے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اوور سیز کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کی بھی حقیقی ترجمانی کی ہے ، اور بالخصوص برطانیہ میں دینی ادارے قائم کر کے نسل نو کو دین سے وابستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کردار کو مزید ادا کرنے کی ضرورت ہے ، برطانیہ میں قائم یو کے اسلامک مشن کے مراکز اسلام کی حقیقی روح کو اجاگر کر رہے ہیں اور ایسے افراد تیار کر رہے ہیں جو مغربی ممالک میں دین کی ترجمانی کرنے کے ساتھ ساتھ درپیش جدید اور قدیم چیلنجز اور دینی علوم پر عبور رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور قدیم دینی علوم حاصل کرنا اور جدید چیلنجز کا مقابلہ کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بساط کے مطابق تحریک آزادی کشمیر اور دینی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا ۔