جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور نظام کی اصلاح کے ایجنڈے کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ،عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabiجماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور نظام کی اصلاح کے ایجنڈے کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ،عبدالرشید ترابی {/AF}

مظفر آباد ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جمو ں و کشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور نظام کی اصلاح کے ایجنڈے کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، اہل کشمیر بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مظفر آباد سے چکوٹھی کنٹرول لائن کی طرف مارچ میں بھرپور شرکت کریں ،برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں ایک نیا انقلاب برپا ہے ، لاکھوں کشمیری کرفیو توڑ کر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم لہرا کر پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں، بیس کیمپ کے عوام اور اہل پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، دریں اثناء انہوں نے مظفر آباد میں کارکنوں کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ استقبالیہ تقریب میں نو منتخب ممبر اسمبلی نورین عارف ، نذیر حسین شاہ ، قاضی شاہد حمید ، خالد حسین بخاری المعروف شمشیر خان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مشاورت سے آزاد خطے سے بیروزگاری کے خاتمے ، میرٹ کی بحالی ، عدل و انصاف کے قیام ، کرپشن کے خاتمے اور کشمیر کی آزادی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مسلم لیگ ن سے سیاسی مفاہمت کی ہے ، ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے ایجنڈے کے مطابق آزاد خطے میں ایک مثالی حکومت قائم کریں جو تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی پشتیبان ہو اور یہاں کے مسائل کے حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت آزاد خطے میں کرپشن ، میرٹ کا قتل عام کیا گیا تا کہ یہاں کے نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہو کر تحریک آزادی کشمیر سے بھی لاتعلق ہو جائیں اور اپنے خطے میں اپنی صلاحیتو ں کو بروئے کار لا کر عوام کی خدمت کرنے کے بجائے دشمن کی تہذیب کی نظر ہو جائیں ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آزاد خطے کے ہر ادارے کو تباہ کر دیا ، عدلیہ اور انصاف فراہم کرنے والے ادارے بھی ان کی دست برد سے بچ نہ سکے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مل کر اصلاح احوال کیا جائے تا کہ یہاں کے عوام کے مسائل بھی حل ہوں اور کشمیر کی آزادی کے لیے جو اس خطے کا کردار ہے وہ بھی بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بے پناہ اضافہ کر دیا ہے حکومت پاکستان بھارتی مظالم کو عالی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور سفارتی مہم چلائے ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کے کشمیر پر اجلاس طلب کروائے جائیں اور کشمیر میں جو ظلم و ستم ہو رہا ہے اسے رکوانے میں کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 15اگست کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مظفر آباد سے چکوٹھی کنٹرول لائن کی طرف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ’’یکجہتی کشمیر ریلی ‘‘ کا اعلان کیا ہے اس ریلی میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق اپنے وفد کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کی قومی قیادت انسانی حقوق کے ادارے اور ذرائع ابلاغ کے ذمہ دار شریک ہوں گے انہوں نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد یہ ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کی جائے اور عالمی رائے عامہ کو متوجہ کیا جائے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے میں اپنا کردار اد اکرے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب ممبر اسمبلی نورین عارف نے کہا کہ جماعت اسلامی سے مل کر اصلاح احوال کریں گے ، جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنوں کا شکریہ کہ انہوں نے الیکشن میں بھرپور تعاون کیا ، مسلم لیگ ن آمدہ بلدیاتی انتخابات بھی مل کر لڑے گی ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر