{AF}
جماعت اسلامی نے مشاورت کے ساتھ اور اپنے نصب العین اور ایجنڈے کے ساتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے مشاورت کے ساتھ اور اپنے نصب العین اور ایجنڈے کے ساتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔جماعت اسلامی آئندہ حکومت کا حصہ ہوگی ، صاف و شفاف نظام کے قیام کے لیے اپنی صلاحیتوں کے مطابق کوشش کرے گی ، کشمیر کی آزادی آئینی اصلاحات اور بیس کیمپ میں اصلاحات جماعت اسلامی کا ہدف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے غنی آباد میں راجہ نثار شائق کی طرف سے دیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اور مسلم لیگ نون کے مشترکہ امیدوار مشتاق منہاس ، نثار احمد شائق ، راجہ حفیظ ، سعید انقلابی ، بشیر عثمانی ، راجہ آصف ،حاجی افراہیم ، عبدالرزاق ، ساجد شفیق ، صوبیدار ریاض ، راجہ عبدالبصیر ایڈووکیٹ، یاسر ایڈووکیٹ، مولانا آصف فاروقی ، آصف راجہ ، راجہ طاہر بشیر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آزاد خطے کے عوام کی بے مثال خدمت کی ہے، تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جماعت کی وسیع تر مفاد کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے اور ہم اپنے فیصلے پر کاربند ہیں ، جہاں جہاں نون لیگ کے امیدواروں کی حمایت کرنی ہے وہاں ان کی حمایت کی جائے گی اور جہاں اوپن حلقے ہیں وہاں جماعت اسلامی بھرپور انداز سے انتخابات میں حصہ لے گی ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے نشان پر انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ حلقہ وسطی باغ کے عوام مشتاق منہاس کو کامیاب کریں ، اس موقع پر نثار شائق نے کہا کہ عبدالرشید ترابی کی حمایت کے بعد مشتاق منہاس کی جیت یقینی ہو چکی ہے ، نارمہ برادری سمیت دیگر قبائل مشتاق منہاس کو کامیاب کروائیں گے ، آج کے بعد یونین کونسل تھب سے بھاری اکثریت سے مشتاق منہاس کو کامیاب کروایا جائے گا ، مشتاق منہاس کی کامیابی کے بعد باغ سے میرٹ کے بغیر بھرتی کرنے والوں کو فارغ کیا جائے گا، زمینوں پر قبضوں کو ختم کیا جائے گا ، سرکاری ملازمین کو فرد کے بجائے سرکار کے ملازم بنایا جائے گا ، تا کہ وہ عام لوگوں کو انصاف فراہم کر سکیں ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیدوار قانون ساز اسمبلی مشتاق منہاس نے کہا کہ عبدالرشید ترابی ہمارے قائد سرپرست ہیں ان کی سرپرستی میں نہ صرف وسطی باغ بلکہ پورے آزاد کشمیر میں نظام کی اصلاح کریں گے ، ان کی مشاورت سے وسطی باغ میں کام کیاجائے گا ، انہوں نے کہا کہ حلقہ وسطی باغ کو یہ اعزاز حاصل ہو گیا ہے ، یہاں سے دو ایم ایل ہوں گے۔