{AF}
غربی باغ کی سیٹ جماعت اسلامی کی ہے ، کارکن انتخابی مہم کو تیز کریں مسلم لیگ ن غربی باغ میں اپنے وعدے کو پورا کرے اور میجر لطیف خلیق کی حمایت کرے۔عبدالرشید ترابی {/AF}
جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ غربی باغ کی سیٹ جماعت اسلامی کی ہے ، کارکن انتخابی مہم کو تیز کریں مسلم لیگ ن غربی باغ میں اپنے وعدے کو پورا کرے اور میجر لطیف خلیق کی حمایت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھیر کوٹ میں انتخابی دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کورنگ کنڈیڈیٹ آفتاب عالم ایڈووکیٹ ، میرمحمد امیر حلقہ ، مہتاب اشرف ، خرم فاروق بھی ہمراہ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اس حلقے میں ہمیشہ جماعت اسلامی نے وننگ ووٹ حاصل کیے ہیں اور جماعت کو دھاندلی کے ذریعے ہرایا جاتا رہا ہے ۔لیکن اس بار جماعت اسلامی یہ سیٹ ہر قیمت پر جیتے گی اور میجر لطیف خلیق نئی بننے والی حکومت کا حصہ ہوں گے ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ میجر لطیف خلیق نے یہاں عوام کی خدمت کی ہے ، مظلوم لوگوں کی داد رسی کی ہے ، گزشتہ کئی سالوں سے استحصالی نظام کے خلاف علم جہاد بلند کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارکن چار چار بار ایک ایک فرد کے پاس جائیں اسے قائل کریں موثر لوگوں کے پاس جائیں ان کو اپنے ساتھ شامل کریں ،انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ پسماندہ ترین حلقہ ہے جماعت اسلامی اپنے محدود وسائل سے یہاں کے عوام کے مسائل حل کرتی رہی ہے ، تعلیم اور صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں ، یتیم بچوں اور بے سہارا لوگوں کی کفالت کر رہی ہے ، حکومتی وسائل جماعت اسلامی کے پاس آ جائیں تو وہ اس حلقے کو ماڈل حلقہ بنائے گی ۔