{AF}
الخدمت فاؤنڈیشن اس وقت سات ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ، عطاالرحمن چوہان {/AF}
راولپنڈی ( پ ر ) الخدمت فاؤنڈیشن آزاد جموں وکشمیر کے نائب صدر عطاالرحمن چوہان نے کہا ہے کہ الخدمت آغوش نے آزاد کشمیر میں یتیم بچوں کی تعلیم کے لیے کیڈٹ کالج کی طرز پر ادارے قائم کیے ہیں اس وقت سات ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت الخدمت فاؤنڈیشن کر رہی ہے ، تین ہزار امسال نئے یتیم بچوں کی کفالت کا ہدف طے کیا ہے۔نیلم خصوصی طور پر ہدف بنایا گیا ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے الخدمت کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے گروپ ایڈیٹر راجہ کفیل ، صدائے چنار کے ایڈیٹر اعجاز عباسی ، کشمیر ٹائمز کے ایڈیٹر خواجہ متین ، کشمیر پوسٹ انٹرنیشنل کے ایڈیٹر منظور ڈار ، کشمیر ایکسپریس کے ایڈیٹر اطہر مسعود وانی سمیت دیگر سینئر صحافیوں نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے عطا الرحمن چوہان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن آزاد جموں و کشمیر کوشش کررہی ہے کہ آزاد کشمیر میں چلنے والے یتیم بچوں کے تمام ادارے آزاد کشمیر کے اندر سے ہی سپانسر کیے جائیں اس میں الخدمت کو کافی حد تک کامیابی ملی ہے ، میر پور بھمبر ، باغ ، راولاکوٹ سمیت تمام ادارے لوکل ہی امداد سے چل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر میں مختصر عرصے میں ریلیف کے شعبے میں خدمت کے شعبے میں ، یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کے شعبے میں ، معذور افراد کی خدمت کے شعبے میں بھرپو رخدمات سر انجام دی ہیں اور ان کاموں کو مزید عوام الناس کے لیے منافع بخش بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن جلد پورے آزاد کشمیر کی تحصیلوں کی سطح پر ایمبولینس سروس کا آغاز کرے گی تاکہ مریضوں کو جلد از جلد ہسپتال تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن صحت، روزگار سکیم کے علاوہ ونٹر پروگرام کے تحت ہزاروں غریب اورمستحکم افرادمیں ریلیف و رمضان پیکیج تقسیم کر چکی ہے اور آئندہ بھی اس کام کو مزید پھیلایا جائے گا۔