کشمیری اپنے حق کے حصول کے لیے آٹھ لاکھ فوج کے مظالم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabi کشمیری اپنے حق کے حصول کے لیے آٹھ لاکھ فوج کے مظالم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، عبدالرشید ترابی{/AF}

اسلام آباد( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے حق کے حصول کے لیے آٹھ لاکھ فوج کے مظالم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، جدوجہد اور استقامت کی شاندار تاریخ رقم کر رہے ہیں ، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ، ہندوستان کو پڑھ لینا چاہیے ،مقبوضہ کشمیر میں قربانیاں اور شہداء نے قائدین سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ شریک ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین مسلم لیگ ن سینیٹر راجہ ظفر الحق ، ظفر اکبر بٹ، شیخ تجمل الاسلام ، علامہ حسن الموسوی ، پروفیسر حبیب الرحمن سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ میں دنیا میں جہاں بھی جاتا ہوں وہاں کشمیر کے لیے کام کرنے والا ہر ادارہ اور کشمیری تحریک آزادی کشمیر میں بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اجاگرہو، سرگرمیاں ہر سطح پر دنیا کے ہر کونے میں کشمیر کے حوالے سے جاری رہتی ہیں ، ان ساری سرگرمیوں کو مربوط کرنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے ، اور ان کو مربوط کرنے کے لیے حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان کی اولین ذمہ داری ہے۔ حکومت پاکستان اور عوام کشمیریوں کے پشتیبان بھی ہیں اور مسئلے کے فریق بھی ۔ ان کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نریندر مودی اور بھارت ریاست کے خلاف خطرناک عزائم رکھتے ہیں مودی کشمیر میں ڈیمو گرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہے۔ اس حوالے سے تمام بین الاقوامی اداروں کو متحرک کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پر امن طور پر تمام دروازے کھٹکھٹانے کے بعد اپنے حق کے لیے بندوق اٹھائی ہے اور ہندوستان کی فوج کو ناکوں چنے چبوا دیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے نوجوانوں بچوں ، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے ، اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ دو طرفہ اقدامات کے جھانسے سے نکل کر بین الاقوامی سطح پر اپنے روابط کو استعمال کرے اور ہندوستان کو کشمیر میں مظالم سے روکے ۔ ہندوستان دنیا کو پیغام دے رہا ہے کہ وہ پر امن طریقے سے مسئلے کو حل نہیں کرنا چاہتا حکومت پاکستان اس حوالے سے پالیسی تشکیل دے کر عالمی دنیا کو کشمیریو ں کی پشت پر لائے، خود بھارت کی 150سے زیادہ یونیورسٹیوں میں کشمیریوں کی حمایت میں تحریک اٹھا دی ہے اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے کو غیر انسانی اور غیر اخلاقی قرار دے رہے ہیں اس سے بھی استفادہ کر کے حکومت واضح اور ٹھوس پالیسی بنائے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر