{AF}
ظلم پر مبنی استحصالی نظام کی تبدیلی آزاد خطے کے عوام کا مقدر ہے۔ عبدالرشید ترابی{/AF}
مظفر آباد ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ ظلم پر مبنی استحصالی نظام کی تبدیلی آزاد خطے کے عوام کا مقدر ہے۔اس نظام میں ہر فرد پریشان ہے اس سے نجات کے لیے جہاد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا ، تبدیلی اور انقلاب ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے سے نہیں جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان جہاد میں جدوجہد کرنے سے آتا ہے۔مظفر آباد جماعت اسلامی کے کارکن انتخابی مہم کو تیز کریں ، جماعت اسلامی شاندار کارکردگی کے ریکارڈ کے ساتھ میدان میں اتری ہوئی ہے ، قوم کو جماعت کی خدمات سے آگاہ کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انتخابی مہم کا جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ شیخ عقیل الرحمن ، ڈاکٹر محمد مشتاق خان ، قاضی شاہد حمید ، سید نذیر حسین شاہ سمیت دیگر قائدین کی قیادت میں مظفر آباد ، ہٹیاں اور نیلم کے عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ مہاجرین کی خدمت کی گئی ہے ، یہ ساری خدمات عوام کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی رائے عامہ منظم کر کے تبدیلی کی حمایت کرتی ہے ، دیر پا اور پائیدار تبدیلی رائے عامہ کے ذریعے ہی آ سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ تبدیلی کے لیے جو بھی راستے اختیار کیے گئے اس سے خانہ جنگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی جمہوری جماعت ہے اور جمہوری انداز سے آزاد خطے میں تبدیلی لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمدہ انتخابات بڑی اہمیت کے حامل ہیں ، ایک طرف تحریک آزادی کشمیر کو کامیابی کی منزل کی طرف لے جانا ہے اور دوسری طرف آزاد خطے کے عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنا ہے ۔تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ بیس کیمپ میں جماعت اسلامی کا پارلیمنٹ میں موثر نمائندگی اور کردار ہو۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی حقوق کے حصول کی جنگ لڑی ہے اور جب تک عوام کو حقوق نہیں مل جاتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اﷲ کی رضا اور مخلوق کی فلاح کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔اﷲ کی دھرتی پر اﷲ کا نظام قائم نہیں ہو جاتا اس وقت تک مخلوق کی فلاح ممکن نہیں ہے۔ آزاد خطے کے عوام نے بار بار تجربات کر کے دیکھ لیا ہے اب مزید تجربات کرنے کی ضرورت نہیں ہے اﷲ کے دین کے قیام کے لیے ووٹ بھی دیں اور جدوجہد بھی کریں یہ یہاں کے ہر مسلمان کا فرض ہے ۔ آزاد خطہ ہمارے اسلاف نے اﷲ کے نظام کے قیام کے لیے آزاد کروایا تھا وہ عہد پورا نہیں ہوا جس کی وجہ سے آج ہم آزمائش سے گزر رہے ہیں ۔ اﷲ کے ساتھ بد عہدی کا نتیجہ ہے کہ آج ہم پر بھوک ، غربت ، کرپٹ قیادت مسلط ہے ۔ اس سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ تمام تعصبات ، علاقائیت اور قبائل کے دائروں سے باہر نکل کر محض اﷲ کی رضا کے لیے اﷲ کے دین کے غلبے کے لیے مل کر جدوجہد کریں تا کہ اس فرسودہ اور کرپٹ نظام سے نجات مل سکے۔یہی ہماری کامیابی کا راستہ ہے اس میں دنیا کی کامیابی بھی ہے اور آخرت کی نجات بھی ۔