{AF}
دو مرتبہ اپنے آباؤاجداد کی قبریں ڈبو کر پاکستان کو روشن کرنے والے متاثرین منگلا کے مسائل حل نہ ہونا قیادت کی نا اہلی کا بد ترین ثبوت ہے۔عبدالرشید ترابی {/AF}
چکسواری ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ دو مرتبہ اپنے آباؤاجداد کی قبریں ڈبو کر پاکستان کو روشن کرنے والے متاثرین منگلا کے مسائل حل نہ ہونا قیادت کی نا اہلی کا بد ترین ثبوت ہے۔چوہدری سعود اقبال نے متاثرین منگلا کے مسائل حل کروانے کے لیے مجاہدانہ کردارادا کیا ہے ۔ یہاں کے عوام چوہدری سعود اقبال کو اسمبلی میں بھیجیں تا کہ وہ آپ کے مسائل حل کر سکیں ۔ حکمرانوں نے پانچ سالوں میں جو گل کھلائے ہیں وہ پوری قوم کے سامنے ہیں اب وہ انجام سے دوچار ہو رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک فرد اور ایک ایک گھر تک دعوت پہنچائیں جماعت اسلامی پورے ہوم ورک کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکسواری میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر محمود الحسن چودھری ، نائب امیر راجہ جہانگیر خان ، امیدوار اسمبلی چوہدری سعودا قبال ، امیر ضلع کوٹلی عبدالحمید چودھری ، امیر حلقہ چکسواری ، چودھری خادم حسین سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی ۔ دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے مولانا بوستان قادری مرحوم کے جنازے میں شرکت کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشیدترابی نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو مینڈیٹ دیں تو ہم بھرپور انداز سے عوام کی ترجمانی کریں گے ۔ چونکہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ جب تک اسمبلی میں امانت دار ، دیانتدار ، باصلاحیت اور صاحب کردار قیادت نہیں پہنچے گی اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ چکسواری کے حلقے میں چوہدری سعودا قبال نے ہمیشہ مظلوم لوگوں کی داد رسی کی ہے ان کے مسائل حل کیے ہیں ، اگر عوام ان کو مینڈیٹ دیں گے تو یہ اس یہاں کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 67سالوں سے عوام لوٹ مار کرنے والوں کو ہی منتخب کر رہے ہیں اس دفعہ عوام دیانت دار اور امانتدار قیادت کو منتخب کریں تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں ۔