جماعت اسلامی نے آزاد خطے میں ہزاروں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کے لیے کیڈٹ کالج طرز کے ادارے قائم کئے ہیں ،عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabiجماعت اسلامی نے آزاد خطے میں ہزاروں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کے لیے کیڈٹ کالج طرز کے ادارے قائم کئے ہیں ،عبدالرشید ترابی {/AF}

باغ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے آزاد خطے میں ہزاروں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کے لیے کیڈٹ کالج طرز کے ادارے قائم کئے ہیں ، حکومت زکوٰۃ فنڈ اور بیت المال جیسے وسائل مستحقین کو دینے کے بجائے اپنے جیالوں اور متوالوں کو نوازرتی ہے جس کی وجہ سے یتیم بچے بے سہارا ، بیوائیں محروم رہ جاتے ہیں ۔ آغوش الخدمت کی خدمات قابل فخر ہیں مخیر حضرات فراخدلی سے ان اداروں کے ساتھ تعاون کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغوش الخدمت باغ کے زیر اہتمام ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان کے معروف صحافی اور شاعر خالد مسعود ، معروف صحافی اور مصنف اختر عباس ، طاہر گلزار اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ڈونر کانفرنس کے موقع پر ادارے کے لیے چھبیس لاکھ روپے تعاون کے اعلانات کیے گئے ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ معاشرے میں پھیلے ہوئے بے سہارا بیواؤں ، یتیم بچوں اور غرباء کی مدد کریں ، لیکن بد قسمتی سے ہماری ریاست اس کے حکمران اور اس کے ادارے سب کے سب غرباء ، بے سہارا لوگوں کی مدد اور خدمت کرنے کے بجائے وہ وسائل جو ان غرباء اور بے سہارا لوگوں کے لیے زکوٰۃفنڈ اور بیت المال کی صورت میں مختص ہوتی ہے وہ بھی ہضم کر جاتے ہیں ۔جس کی وجہ سے معاشرے میں یہ طبقات محروم رہ جاتے ہیں ۔ جماعت اسلامی اور اس کے اداروں نے اﷲ کی رضا کے لیے آگے بڑھ کر ان محروم رہ جانے والوں کی کفالت کا بیڑا اٹھایا ہے اور اﷲ کے نبی ؐ نے فرمایا کہ جو یتیم کی کفالت کرے گا وہ قیامت کے دن میری رفاقت میں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک اسلامی فلاحی ریاست اور معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے تاکہ اﷲ کے دیے ہوئے نظام عدل کو قائم کیا جائے تا کہ خلق خدا کی خدمت ہو سکے ، اس کو انصاف فراہم کیا جا سکے ، ظلم و نا انصافی کا خاتمہ ہو سکے ، اس نظام کے ہوتے ہوئے مظلوم کی داد رسی ناممکن ہے ۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم کے نوجوان ، مردو زن مل کر اس نظام کو بدلیں تا کہ عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم ہو۔اور ہمارے بچے تعلیم ، صحت اور دینی علوم سے محروم نہ رہیں ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر