{AF}
بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی اور فرسودہ نظام کی تبدیلی قومی فریضہ ہے ۔ عبدالرشید ترابی{/AF}
کھوئی رٹہ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی اور فرسودہ نظام کی تبدیلی قومی فریضہ ہے ۔فرسودہ اور کرپٹ نظام اور آزادی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا ، آزادی کا جواز نظام کی تبدیلی تھا اگر نظام تبدیل نہ ہوا تو آزادی کا جواز چھن جائے گا۔1947ء میں ہم مسلمان تھے اور آج ایک سوچے سمجھے ایجنڈے کے تحت فرقوں اور برادریوں میں تقسیم کر دیے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ کھوئی رٹہ میں مختلف مقامات پر استقبالیہ تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ کھوئی رٹہ حبیب الرحمن آفاقی ایڈووکیٹ ، امیر ضلع عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل عدل و انصاف پر مبنی نظام میں مضمر ہے ۔ لوٹ مار ،میرٹ کی پامالی اورتعصبات نے ہماری شناخت چھین لی ہے۔ اس کیفیت سے قوم کو نکالنے کا واحد ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے ہم محض نعروں اور دعوؤں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں ۔حکومت نہ ہونے کے باوجود ہم نے ہر محاذ پر عوام کی خدمت کی ہے ، تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے پاکستان اور اسلامی تحریکوں کو اس کا پشتی بان بنایا ہے جب میں اسمبلی کے اندر تھا تو پوری اسمبلی کو تحریک آزادی کشمیر کے پشت پر لاکھڑا کیا ، عوامی حقوق کی بحالی کی جنگ لڑی ، اور اپنے حلقے میں میرٹ کی بنیاد پر سکیمیں دیں اور یہ ثابت کیا کہ اسلامی تحریک کے نمائندے کو کیسا ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حبیب الرحمن آفاقی گزشتہ بیس پچیس سال سے عوام کے دکھ درد میں موجود ہیں وہ چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہیں ، پڑھے لکھے باصلاحیت اور صاحب کردار نمائندے ہیں ، آپ ان کو منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجیں جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ۔ اس طرح کے لوگ عوام منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجیں گے تو اسمبلی ضمیر فروشی کا اڈا نہیں بلکہ اس کی اصلاح احوال بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سراج الحق ، پروفیسر غفور ، پروفیسرخورشید ،لیاقت بلوچ،اور نعمت اﷲ خان سمیت جن جن قائدین کو موقع ملا انہوں نے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کی شاندار خدمت کی ہے اور ان پر ایک روپے کی کرپشن کا دھبہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریکیں ہی عوام کی خدمت اور جذبات احساسات کی ترجمانی کر سکتی ہیں ۔ ترکی میں امت مسلمہ کے عظیم ترجمان طیب اردگان نے نہ صرف ترکی کو بحرانوں سے نکالا بلکہ امت مسلمہ کی حقیقی نمائندگی بھی کر رہے ہیں بنگلہ دیش میں مطیع الرحمن نظامی کو ہندوستان کی شہ پر پھانسی چڑھایا گیا تو وہ کام جو پاکستان کے حکمرانون کو کرنا چاہیے تھا وہ ترکی کے حکمرانوں نے کیا اس سے ثابت ہوا کہ اسلامی تحریک ہی امت کی ترجمانی کر سکتی ہے ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ عوام مینڈیٹ دیں تو جماعت اسلامی اﷲ کے بھروسے پر پانچ سالوں میں ستر سال کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آمدہ انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے پہلے مرحلے پر انتخابی فہرستوں کو خوش اسلوبی سے بنایا جس کی ہم تحسین کرتے ہیں اور آمدہ انتخابات کو مزید صاف و شفاف بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی لگائی جائے اور نام نہاد تعمیراتی سکیموں کے اعلانات کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے ۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت مسلم تشخص اور اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے جو سینک کالونیاں بسانے کی کوشش ہو رہی ہے اس کے خلاف حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کرے تا کہ ہندوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔