{AF}
ہمارے عروج اور سربلندی کا راز دیانت دار قیادت کے انتخاب میں مضمر ہے،سردار اعجاز افضل خان {/AF}
راولاکوٹ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سابق امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ 3پونچھ سردار اعجاز افضل خان نے کہا ہے کہ ہمارے عروج اور سربلندی کا راز دیانت دار قیادت کے انتخاب میں مضمر ہے، قیادت ہی کی بدولت قومیں ترقی کی معراج حاصل کرتی ہیں ، نا اہل قیادت ہی کی وجہ سے آج ہم تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں پڑے ہوئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ 3کے مختلف مقامات علی سوجل ، کہکوٹ ، تراڑ اور متیالمیرہ میں کارنر میٹنگز میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ باحیثیت مسلمان ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ نمائندے منتخب کرتے وقت امانت و دیانت کے مطلوبہ معیار کو سامنے رکھتے ہوئے نمائندے منتخب کریں ۔ قیادت دور اندیش اور اہل افراد کے ہاتھوں میں تھمائیں جماعت اسلامی کی جدوجہد کھلی کتاب کی مانند ہے ۔عوام جماعت اسلامی کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں ۔ انہوں نے کہاکہ 68برس سے نام اور چہرے بدل بدل کر وہی کردار لوٹ مار کر رہے ہیں ، بیس کیمپ کے عملی کردار کو ختم کر دیا ہے۔ عدل و انصاف کے دروازے غریب پر بند کر دیے ہیں میرٹ کی پامالی اور کرپشن عروج پر ہے ۔ ان حالات میں جماعت اسلامی نے دیانت دار قیادت میدان میں اتاری ہے عوام ان کو منتخب کریں تا کہ اﷲ کی دھرتی پر اﷲ کا نظام نافذ کیا جا سکے جس کے لیے ہمارے اسلاف نے یہ خطہ آزاد کروایا تھا۔