{AF}
ڈنہ کچیلی میں لینڈ سیلائیڈنگ سے متاثرین کی دل جوئی کے لیے وزیر اعظم آزا د کشمیر کا ابھی تک یہاں نہ آنا افسوس نا ک ہے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
ڈنہ کچیلی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و امیدوار قانون سازاسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ ڈنہ کچیلی میں لینڈ سیلائیڈنگ سے متاثرین کی دل جوئی کے لیے وزیر اعظم آزا د کشمیر کا ابھی تک یہاں نہ آنا افسوس نا ک ہے ،جماعت اسلامی اور اس کے اداروں نے یہاں بھی خدمت میں سبقت لیے گئی اور فوری ریلیف فراہم کیا،یہاں کا ایم ایل اے جو وزیر اخزانہ بھی ہے کوئی خاص امداد نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے اس آزمائش کے مرحلے پر بھی برادری ازم اور جن لوگوں نے ووٹ نہیں دئیے متاثرین کی طرف نہ جانا عاقبت نا اندیشی ہے اس طرح کی نا انصافیوں کی وجہ سے ہم آزمائش کا شکارہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈنہ کچیلی میں لینڈ سیلائیڈنگ کے متاثرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد وامیدوار قانون سازاسمبلی حلقہ کھاوڑا قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ ،راجہ سرشار،راجہ فرید،راجہ شمریز،ندیم عباسی اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا،تقریب کی صدارت سابق چیئرمین یونین کونسل راجہ فرید نے کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف موسم کی خرابی کی وجہ سے اس وقت اگر نہیں آسکے تو اب ان کو آناچاہیے ،وزیراعظم آزاد کشمیر فوری طورپر متاثرین کی بحالی کے اقدامات کریں اورفی خاندان 5لاکھ روپے امداد دیں اور ساتھ ہی ان کو متبادل معقول جگہ بھی فراہم کرنے کا اہتمام کریں ،جن لوگوں کے باغات،جائیداداور فصلیں تباہ ہوگئے ہیں ان کا معاوضہ بھی ان کو فراہم کیا جائے،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے زلزلے کے موقع پر بھی عوام کی خدمت کی ہے اور اس مرحلے پر بھی سب سے آگے جماعت اسلامی ہے اس لیے عوام ہمارا ساتھ دیں تا کہ عوام کو عدل کی بنیاد پر ریلیف فراہم کیا جائے انہوں نے کہا کہ یہ آندھیاں طوفان اور تباہی اس وجہ سے آرہی ہیں کہ ہم نے اجتماعی طور پر اﷲ تعالیٰ سے بد عہدی کی ہے ان مقاصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا تھا وہ ابھی تک پورے نہیں کیے جماعت اسلامی اﷲ کے دین کے قیام اور کشمیر کی آزادی کے لیے اسی مشن کو لے کر چل رہی ہے جو مشن ہمارے اسلاف کا تھا اﷲ کی طرف رجوع کی ضرورت ہے اور اﷲ کے دین کے قیام کی جدوجہدکرنا ہمارا دینی فریضہ ہے اس عظیم الشان جدوجہد میں عوام ہمارا ساتھ دیں اس موقع پر سابق چیئرمین راجہ فرید سمیت دیگر قائدین نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سب سے پہلے یہاں ریلیف فراہم کیا ہے ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔