{AF}
وادی نیلم کے شہداء کا تناسب مقبوضہ وادی سے کسی طور کم نہیں ہے ،عبدالرشید ترابی{/AF}
اٹھمقام ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ وادی نیلم کے شہداء کا تناسب مقبوضہ وادی سے کسی طور کم نہیں ہے ، یہاں کے بہادر اور غیور لوگ بھارت کی مسلسل فائرنگ کا حوصلے سے سامنا کر رہے ہیں اور کلمے والے جھنڈے کو ہمیشہ سے تھامے ہوئے ہیں ۔ جماعت اسلامی نے حکومت و اختیار نہ ہوتے ہوئے بھی یہاں کے عوام کی خدمت کی ہے ، اور آئندہ بھی یہاں کے لوگوں کی خدمت جاری رکھے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیلم میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر شیخ عقیل الرحمن ، امیدوار قانون ساز اسمبلی نیلم عنایت علی قاسمی ایڈووکیٹ ، امیر ضلع ممتاز حسین پائر غلام مصطفی انقلابی ، مولانا الطاف ، غلام سرور ، اشفاق ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشیدترابی نے کہا کہ وادی نیلم بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہے ، سڑکوں کی خستہ حالی ، سکولوں کا نہ ہونا اور ہسپتال ہیں تو ادویات اور ڈاکٹرز کی کمی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن نا اہل قیادت اور ریاست اس کے وسائل سے استفادہ کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ نوجوانوں کے روز گار اور عوام کو سہولت فراہم کرے۔ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن وادی نیلم کے ایک ایک گھر ایک ایک فرد تک پہنچیں اور ان کو ان کو جماعت میں شامل کریں تا کہ تبدیلی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ساری پارٹیاں اور نظام فیل ہو چکے ہیں تبدیلی کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے جماعت اسلامی نے زلزلے اور دیگر آفات کے موقع پر عوام کی خدمت کی ہے ، انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد دو طرح کے لوگ سامنے آئے ایک خدمت کرنے والے اور دوسرا لوٹ مار کرنے والے ۔ جماعت اسلامی کے لوگ اپنے عزیزوں کو دفنانے کے بعد لوگوں کی خدمت کے لیے نکلے ، زخمیوں کی مرہم پٹی کی جبکہ دیگر لوگ لوٹ مار کے لیے نکلے اور انہوں نے لوٹ مار کی ۔ انہوں نے کہا کہ وادی نیلم جماعت اسلامی کا قلعہ ہے ، شبیر شہید کے ساتھ یہاں کے لوگ چٹان کی طرح کھڑے تھے اور ان کی شہادت کے بعد بھی یہاں کے عوام کلمے والے جھنڈے کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وادی نیلم کے لیے بجٹ میں اضافی رقم مختص کرنے کی ضرورت ہے یہاں کے شہداء کے لیے اتنے ہی رقم فراہم کی جائے جتنی کسی شہید فوجی کے لیے فراہم کی جاتی ہے ۔ یہاں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں ، ہسپتال اور سکولوں کی خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہے پورے ضلع میں ایک گائینی کی ڈاکٹر کا موجود نہ ہونا وزارت صحت کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا چاہتی ہے عوام آمدہ انتخابات میں بھرپور ساتھ دیں تا کہ اس کرپٹ نظام کو بدل کر اس کی جگہ عادلانہ نظام قائم کیا جائے۔