بے ہمت اور غیر نظریاتی سیاست کا خمیازہ پوری قوم گزشتہ اڑسٹھ برسوں سے بھگت رہی ہے ،سردار اعجاز افضل خان

{AF}ijaz-afzalبے ہمت اور غیر نظریاتی سیاست کا خمیازہ پوری قوم گزشتہ اڑسٹھ برسوں سے بھگت رہی ہے ،سردار اعجاز افضل خان{/AF}

راولاکوٹ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سابق امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ 3راولاکوٹ سردار اعجاز افضل خان نے کہا ہے کہ بے ہمت اور غیر نظریاتی سیاست کا خمیازہ پوری قوم گزشتہ اڑسٹھ برسوں سے بھگت رہی ہے ، ذاتی مفادات کے اسیروں نے آزاد خطے کے وقار کو مجروح کر دیا ہے ۔ عوام آمدہ انتخابات میں پینترے بدلنے والوں اور سیاست کے ذریعے خود کو امیر سے امیر تر کرنے والوں اور قوم کو قلاش کرنے والوں کو مسترد کریں ، یہ ظالمانہ نظام اب زیادہ دیر نہیں چل سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہوکوٹ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سردار اعجاز افضل نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نام بدل بدل کر اقتدار میں آنے والوں کا کردار و عمل ایک ہی جیسا ہے ، سب ہی ایک ہی تھیلے کے چٹے بٹے ہیں اگر کسی کی تقدیر نہیں بدلی ہے تو وہ بد قسمت قوم ہے ورنہ اقتدار کے سنگھاسن پر براجمان رہنے والے ککھ سے ارب پتی بن گئے ۔ اس کی واحد اور بڑی وجہ لوگوں کی خدمت کا ترجیح اول نہ ہونا اور خوف خدا سے عاری ہونا ہے ۔ قیادتیں قوموں کو زوال کی اتھاہ گہرائیوں سے اٹھا کر عروج کی طرف لے جاتی ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ خود قیادت جرات ، دیانت داری اور ویژن والی ہو ۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ ، لوٹ مار اور اقرباء پروری کرنے والی قیادتیں قوم کو پسپائی کی طرف دھکیل دیتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ قوم کو خود دار اور با جرات قیادت کی اشد ضرورت ہے ، ہماری ارد گرد کے ممالک میں بہتری ان کی قیادت کی وجہ سے ہے اور ہماری بد قسمتی ہے کہ ہماری قیادت عوام کی بہتری کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ ہم اس قیادت کو بدلیں ۔ کارنر میٹنگ سے محمد انور خان ، محمد اصغر خان ، محمد یونس خان نے بھی خطاب کیا ۔ شرکاء نے سردار اعجاز افضل خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر