{AF}
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر کی مہاجرین کی فہرستوں کو صاف و شفاف بنانے کا عزم اور کوشش قابل قدر ہے ،نور الباری{/AF}
راولپنڈی ، پشاور ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے 41ویلی6نور الباری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر کی مہاجرین کی فہرستوں کو صاف و شفاف بنانے کا عزم اور کوشش قابل قدر ہے اور وہ اس حوالے سے مخلصانہ طور پر کوشش کر رہے ہیں لیکن آزاد کشمیر کے کچھ وزاراء ان کوششوں کو ناکام بنانے کے درپے ہیں ۔ ووٹوں میں اندراج کے لیے جعلی سٹیٹ سبجیکٹس کا استعمال کیا جا رہا ہے اور غیر کشمیریوں کے ووٹ ان سٹیٹ سبجیکٹس پر درج کیے جا رہے ہیں ۔ جبکہ اصل کشمیریوں پر اعتراضات کیے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران نوشہرہ میں کارنر میٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ کے موجودہ ایم ایل اے کے محکمہ مالیات کے وزیر بھی ہیں اس لیے انہوں نے اپنے اثر ورسوخ سے جہاں منظور نظر افراد کو مراعات سے نوازا ہے اور حقیقی کشمیریوں کو حقوق سے محروم رکھا ہے وہاں وہ ان کو ان کی شناخت اور ووٹ سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کی کہ صوبہ پختون خواہ میں بالخصوص سٹیٹ سبجیکٹس کی جانچ پڑتال کا اہتمام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فہرستوں کے مرتب ہونے کے بعد جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہونے والا ہے اس موقع پر الیکشن کمیشن کی طرف سے اس امر کی وضاحت ضروری ہے کہ ووٹر فارم کے ساتھ ریاستی باشندہ ہونے کا سرٹیفکیٹ درخواست دہندہ منسلک کرے گا اس کے اصلی ہونے کی تصدیق کا کیا طریقہ کار ہوگا ۔ کیا اس کی تصدیق کسی کی نشان دہی اور اعتراض کی صورت میں کی جائے گی یا سٹریشن افسر اور اس کے ساتھ بیٹھنے والا آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا کوارڈی نیٹر از خود بھی اسے مشکوک قرار دے کر اسے تصدیق کے لیے ڈی سی بحالیات کو بھیجے گا مزید برآں تصدیق کرتے ہوئے صرف یہ چیز کافی نہ سمجھی جائے کہ یہ سرٹیفکیٹ متعلقہ محکمہ سے ہی جاری ہوا ہے بلکہ یہ بھی دیکھا جائے کہ کس ثبوت اور شہادت کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے ۔ جانچ پڑتال کے مرحلے میں فہرستوں کا باریک بینی سے جائزہ از حد ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی پریس ریلیز جاری کر چکا ہے کہ اس نے سٹیٹ سبجیکٹس کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے جس کا بڑا حصہ اس کے پاس موجود ہے لہذا سٹیٹ سبجیکٹ کی تصدیق کا بھر پور اہتمام کیا جانا چاہیے ۔