{AF}
جماعت اسلامی رائے عامہ منظم کر کے حقیقی تبدیلی لائے گی ،عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی رائے عامہ منظم کر کے حقیقی تبدیلی لائے گی ،جماعت اسلامی نے تعصبات اور قبیلائی ازم کو دفن کر کے اسلام کے اعلیٰ بھائی چارے اور رواداری کی روایات قائم کی ہیں ۔جماعت اسلامی اہلیت و استحقاق کی بنیاد پر ملازمتوں کا اہتمام کرے گی ، بے روز گارنوجوانوں کے لیے گزارہ الاؤنس کا اہتمام ہوگا، نوجوانوں کے لیے باعزت روز گار کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا ، ووکیشنل اور پیرا میڈیکل سنٹرز قائم کرکے نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے تاکہ وہ ملک اور بیرون ملک باعزت روز گار کا اہتمام کر سکیں۔ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں گے جو صحت مند تفریح کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی واخلاقی تربیت کا اہتمام کرے۔باغ جماعت اسلامی کا قلعہ ہے ، آمدہ انتخابات میں جماعت اسلامی بھر پور پارلیمانی نمائندگی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ وسطی باغ کے مشاروتی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نثار احمد شائق ، عثمان انور، عبدالرزاق ، کیپٹن (ر) منظور ، عبدالقدیر ، عزیز اﷲ شاہ ، سردار فرید خان ، محمد خان ، غلام حسین منہاس ، مولانا پرویز ، آصف نقی ،صوبیدار آزاد ، سردار نیاز ، حاجی عبدالرشید ، منظور چغتائی ، سردار اظہر سخاوت ، سردار مرتضیٰ ، سہیل حسن ، راجہ آزاد طارق ، مولانا ہدایت اﷲ ، ظہیر گردیزی ، سردار شمریز ، اشتیاق احمد صادق ، حاجی افراہیم سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس خطے میں ایک عرصے سے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے ، ہمارے آباؤداجداد نے اس خطے کے حصول کے لیے قربانیاں دیں ، تا کہ یہاں اﷲ کا دین غالب ہو، اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ معاشرہ قائم ہو جس میں مظلوم کی داد رسی ہو ، معاشرہ عدل و انصاف کا مظہر ہو ، ساری ریاست کے وسائل حق دار کو اس کے گھر کی دہلیز پر ملیں ، پرامن اور فلاحی معاشرہ جو ہماری تعمیر و ترقی کا ضامن ہو ، مگر ستر برس گزرنے کے بعد جس مقام پر آج کھڑے ہیں ہر آدمی اس نظام سے رنجیدہ ہے ، اس نظام سے بیزار ہے ، ہماری روایتی پاور پالیٹکس کی سیاست نے اخلاقی اقدار کو پامال کر دیا ہے۔ہر جائز و ناجائز طریقے کو استعمال کر کے منصب حاصل کیے جاتے ہیں ، ذاتی مفاد کے لیے قومی خزانے سے اپنی تجوریاں بھری جاتی ہیں ۔ اس معاشرے کو آپس میں متصادم کر کے نفرتوں میں جھونک دیا ہے ان حالات میں کچھ لوگ تو ہوں جو اس کا مداوا کریں ، حالات کے دھارے کو تبدیل کرنے کے اس چیلنج کو قبول کریں جو تعصبات کے کلچر کو ختم کرتے ہوئے بھائی چارے کی فضا کو قائم کریں ۔ جماعت اسلامی کا عملی سیاست میں آنے سے پہلے یہاں پر قبائل کی صف بندیاں ہوتی تھیں ایک برادری کا امیدوار دوسری برادری کے امیدوار کے گاؤں میں مہم نہیں چلانے جاتا تھا ، قتل و غارت تعصب و نفرت کی فضا تھی جس کو ہم نے توڑا ،یہ ہماری بیس سالہ جدوجہد ہے جس سے تعصب کے بت ٹوٹ گئے ۔ حالات محض دعاؤں سے تبدیل نہیں ہوتے جس چیز کو برا سمجھیں اس سے نفرت کریں ، اس جدوجہد میں قربانی دینی پڑتی ہے ، ہم اس جدوجہد کو جہاد سمجھتے ہیں ، عبادت سمجھتے ہیں ۔ جماعت اسلامی اس فرسودہ نظام کو تبدیل کر کے اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں اسلام کا عادلانہ فلاحی معاشرہ قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔اسی میں ہماری فلاح ہے جماعت اسلامی کا لائحہ عمل ہے کہ علمائے کرام اور اسلامی تحریکیں کوشش کر رہی ہیں کہ نظام کی تبدیلی کا طریقہ پر امن اور جمہوری ہو ۔اس جمہوری طریقے کو چھوڑ کر اور کوئی طریقہ اس نظام کو بدلنے کا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پر امن جمہوری جدوجہد سے اچھی قیادت کا انتخاب کریں اس سے نظام درست ہوگا اسی پس منظر میں ایک بار پھر انتخابات کی مہم شروع ہو چکی ہے جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ مجھے حلقہ وسطی باغ سے انتخاب لڑنا ہے اور میں جماعت کے فیصلے کا پابند ہوں ۔ جماعت اسلامی نے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے کو عزت دی ہے ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ ہمارے نزدیک کامیابی کی دلیل حق پر کھڑا رہنا ، استقامت کے ساتھ جدوجہد کرتے رہنا ہے۔ نامساعد حالات میں آندھیوں اور پروپیگنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے ،جماعت اسلامی کے علاوہ کسی کے پاس تمام قبائل کی اتنی بڑی ٹیم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے آپشن بھی کھلا رکھے ہوئے ہے ، انہوں نے کہا کہ باغ کے علماء اور عوام کی آزادی کی تحریک میں بہت قربانیاں ہیں،باغ کے اسلاف کی تاریخ ہے ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن پرعزم ہو کر جدوجہد کریں ، ظالمانہ نظام اور ظلم کے سامنے سرنڈر کرنا ہمارا شیوہ نہیں ہے، ظالموں کو ظلم سے باز رکھیں گے اور مظلوم کی ہر قیمت پر داد رسی کریں گے اس حوالے سے مجھے آپ کے تعاون ،شفقت اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔