{AF}
کرپٹ نظام تبدیل کیے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آزاد خطے سے بد معاشی کے سیاسی کلچر کے خلاف جہاد کرے گی، پاکستان اور کشمیر ہمارے اسلاف نے لبرل نہیں اسلامی نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے قربانیاں دے کر حاصل کیا تھا ۔کرپٹ نظام تبدیل کیے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ، متاثرین زلزلہ کے لیے آنے والی خطیر رقم امانت اور دیانت کی بنیاد پر خرچ ہوتی تو سو سال تک ہمارا کوئی مسئلہ باقی نہ رہتا۔ باغ کے موجودہ اور سابق وزراء اپنے گاؤں کی سڑکیں نہیں بنا سکے اور مسائل کیا حل کرتے ۔باغ ہسپتال ، سیوریج ، اور انفراسٹرکچر جوں کا توں پڑا ہوا ہے ناقص سیوریج بچانے سے عوام گندا پانی پینے پر مجبور ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی وسطی باغ و شرقی باغ کے زیر اہتمام عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما زبیر منصوری ، امیر ضلع نثار احمد شائق ، سابق امیر ضلع عثمان انور ، امیر حلقہ آزاد طارق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی کو کسی کے اتحاد کی ضرورت نہیں ہے ، اپنے بل بوتے پر انتخابات میں بھر پور انداز سے حصہ لے گی ، اور موثر پارلیمانی نمائندگی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال گزرنے کے باوجود آزاد خطے میں مافیا ہمارے لوگوں کی گردنوں پر مسلط ہے اور مسائل کی جڑ ہے ان ہدف محض یہ ہے کہ اقتدار حاصل کریں اور اس کے مزے لوٹیں جب تک خوف خدا رکھنے والے نمائندے قوم منتخب نہیں کرے گی اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ بد دیانت قیادت نے دنیا بھر سے آنے والی چھ بلین ڈالر رقم بھی خرد برد کی ابھی تک متاثرین گوناں گوں مسائل کا شکار ہیں خاص طور پر باغ اور مظفر آباد کا بنیادی انفراسٹرکچر بھی مکمل نہیں ہو سکا ۔باغ کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تعمیر نہیں ہو سکا ، سیوریج کا ناقص سسٹم بچایا گیا ، انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ ظلم ، نا انصافی ، کرپشن ، میرٹ کی پامالی اور اقرباء پروری کی گرفت میں ہے ، جماعت اسلامی اس گرفت کو توڑ کر عوام کو عدل و انصاف پر مبنی نظام دینا چاہتی ہے جو اﷲ نے ہمیں دیا ہوا ہے ۔جب عوام نے مجھے مینڈیٹ دیا تو میں نے 350سے زیادہ سکیمیں انصاف کی بنیاد پر ہر گاؤں میں پہنچائیں اور سکیمیں آبادی کے حجم کی بنیاد پر تقسیم کیں نہ کہ جہاں سے مجھے ووٹ ملے صرف وہاں دیں۔ ہمارے حلقے کو مثالی حلقہ قرار دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اختیار نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی بھر پور طریقے سے عوام کی خدمت سر انجام دے رہی ہے ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ، صحت کے شعبے میں لاکھوں لوگوں کو ریلیف فراہم کر رہی ہے تعلیم کے شعبے میں متبادل نظام تعلیم دیا ہے ، خدمت کے میدان میں سب سے آگے ہے ، جماعت اسلامی اپنی اس شاندار کارکردگی کی بنیاد پر میدان میں آئی ہے ، جو کسی دوسری جماعت کے حصے میں نہیں ہے۔تحریک آزادی کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کیا ہے ہر محاز پر کام کیا ہے اور پوری دنیا اس کی معترف ہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکن پورے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ان ظالم حکمرانوں کے خلاف پوری ایک چارج شیٹ ہے انہوں نے سوائے لوٹ مار کے عوام کو کیا دیا ہے ؟ باقی جماعتیں صرف دعوے کر رہی ہیں اور ہم عملی کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات وقت اور حالات کا تقاضا ہے ، چیف الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں ، مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء آزاد کشمیر میں آ کر کسی ایک پارٹی کی مہم نہ چلائیں وفاق کشمیریوں کے لیے قابل احترام ہے اگر وزراء یہاں آ کر پاکستان کو متنازعہ بنانے کی کوشش کریں گے تو اس سے قومی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام آمدہ انتخابات میں حق اور صداقت کی بنیاد پر اپنے نمائندے منتخب کریں یہی ہمارے مسائل کا حل ہے ۔اس موقع پر زبیر منصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمین اﷲ کی ، لوگ اﷲ کے تو ان کے اوپر اﷲ کا نظام ہی ہونا چاہیے غیر اﷲ کا نظام نہیں چل سکتا ۔ عوام کو گواہ بن کر کھڑا کیا جائے گا ، انہوں نے عملی اور قولی شہادت سے ثابت کرنا ہے کہ جو حق اور سچائی ان تک پہنچی ہے اس کو آگے لوگوں تک پہنچائیں ۔ اﷲ کی دھرتی پر اﷲ کے نظام کو قائم کر کے ہم نے گواہی دینی ہے کہ ہم نے اﷲ کا نظام جو ہم تک پہنچا تھا وہ عوام الناس تک پہنچا کر یہ نظام قائم کر دیا ہے۔