{AF}
حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت اور دفاع پوری امت پر فرض ہے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
اسلام آباد( پ ر) امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت اور دفاع پوری امت پر فرض ہے ، اہل کشمیر و پاکستان سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہیں ، سعودی عرب نے متاثرین زلزلہ اور تحریک آزادی کشمیر کی بھر پور مدد کی ہے ، اہل کشمیر سعودی عرب کے اس احسان کو فراموش نہیں کر سکتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے عالمی مسائل ، مسئلہ کشمیر اور فلسطین سمیت دیگر مسائل پر بین الاقوامی فورمز اور او آئی سی کے پلیٹ فارم پر جرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے ، او آئی سی میں کشمیر رابطہ گروپ کی فعالی میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے ۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں کشمیری سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہیں۔ عراق ، شام اور یمن میں عالمی استعمار کی سر پرستی میں جنگ کی وجہ سے سعودی عرب کو جن مشکلات کا شکار کیاگیا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ ہم دعا گو ہیں کہ خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں سعودی عرب ترقی کی منازل طے کرے گا ، داخلی اور خارجی چیلنجز سے عہدہ برآ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی این جی اوز فوٹو سیشن کر کے متاثرین زلزلہ کے علاقے سے چلی گئی تھیں ، لیکن متاثرین زلزلہ کی بحالی اور تعمیر و ترقی کا سب سے بڑا کام سعودی عرب نے کیا اور اس کے ادارے آج بھی سکولز ، اور ہسپتال کی تعمیر پر لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب حرمین شریفین کی وجہ سے پوری امت مسلمہ کا روحانی محور و مرکز ہے ، اور پوری امت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی سلامتی ، بقا اور تحفظ کو یقینی بنائے۔