{AF}
حکومت پاکستان بھارت کے استعماری عزائم اور شہادتوں کا نوٹس لے اور بھارت سے سخت احتجاج کرے ،عبدالرشید ترابی {/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں اور طلبہ کے ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے ،پلوامہ سے دانش ،شائستہ حمید اور عادل شہید کا خون رائیگان نہیں جائے گا ،نہرو یونیورسٹی میں پرا من احتجاج کرنے والے طلبہ اور پروفیسرز پر بغاوت کے مقدمے درج کرنا بھارت کے استعماری عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے ،حکومت پاکستان بھارت کے استعماری عزائم اور شہادتوں کا نوٹس لے اور بھارت سے سخت احتجاج کرے ،مذاکرت کے عمل کو بھارتی مظالم ،کالے قوانین ،فوجی انخلاء اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی سے مشروط کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم کی انتہا کر رہا ہے اور حکومت پاکستان مذاکرات کی بھیک مانگ رہی ہے یہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے بھارت نے ہمیشہ مذاکرت کی آڑ میں کشمیریوں کا قتل عام کیا ہے ،حکومت پاکستان اس روئیے کو ترک کرے اور کشمیر کی آزادی کے لیے واضح حکمت عملی اور ٹھوس لائحہ عمل کا اعلان کرے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں انہوں نے کہا کہ مظلوم نوجوانوں اور طلبہ کی شہادت بھارت کی سفاکیت کا عملی مظاہرہ ہے ۔