{AF}
جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما میجر ایوب خان مرحوم کی دینی ، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ+بیرپانی( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما میجر ایوب خان مرحوم کی دینی ، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، یہ ان کے والدین کی تربیت کا نتیجہ تھا کہ وہ نظریے اور عقیدے پر ڈٹے رہے ، تقویٰ و پرہیز گاری کو اپنائے رکھا ، جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحد کی فصیل کو اونچا کیا۔ ان کے نظریات پر عمل پیرا ہونے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما میجر (ر) ایوب خان مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تعزیتی ریفرنس کی صدارت کرنل سعید مغل نے کی۔ ریفرنس سے سردار طاہر اقبال ، ضیاء القمر ، کرنل سعید ، امین الحق ، نثار احمد شائق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نوجوانی کی عمر میں مجھ پر امارت کی ذمہ داری آن پڑی تو میجر (ر) ایوب خان مرحوم اور سردار علی افسر مرحوم نے میری سرپرستی کی اور میری رہنمائی کی اور میں ان کو اپنا لیڈر مانتا ہوں۔ آغاز کے حالات میں مجاہدین اور مہاجرین کا جب آنا شروع ہوا تو ان قائدین نے بھرپور سرپرستی کرتے ہوئے مجاہدین کی دیکھ بھال کے لیے بھر پور کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آزاد خطہ جن مقاصد کے لیے آزاد کیا تھا وہ ابھی پورے نہیں ہوئے نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے یہ خطہ آزاد کیا تھا لیکن وہ ابھی تک نافذ نہیں ہو سکا جماعت اسلامی اسی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ جو قومیں اﷲ کی نعمت کی ناقدری کرتی ہیں وہ نعمت سے محروم ہو جاتی ہیں ۔ آزاد خطے کے عوام آزادی کی قدر کریں اور اﷲ کے نظام کے نفاذ کے لیے اٹھ کھڑے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے بھی بھر پور مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چلاسی بابا نے پیشن گوئی کی ہے کہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا اور پاکستان ایک بڑی قوت بنے گا۔انہوں نے کہا کہ عقیدے اور نظریے کی بنیاد پر اتحاد اور اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے دوریاں ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ نظریے سے وابستہ رہا جائے۔اسی طرح باقی قائدین نے بھی میجر (ر) ایوب کی سیاسی ، دینی اور عسکری خدمات کی تحسین کی ۔