{AF}
عبدالرشید ترابی کا دیوندر سنگھ ایڈووکیٹ کے اعزاز میں استقبالیہ ، اس موقع پر کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال {/AF}
عبدالرشید ترابی کا دیوندر سنگھ ایڈووکیٹ کے اعزاز میں استقبالیہ ، اس موقع پر کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال اسلام آباد ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ جموں سے آئے ہوئے حریت گیلانی گروپ کی اکائی اور اہم رہنما دیوندر سنگھ ایڈووکیٹ کے اعزاز میں استقبالیہ دیا ، اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی ، فاروق رحمانی ، نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر راجہ جہانگیر خان ، سیکرٹری اطلاعات راجہ ذاکر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر دیوندر سنگھ نے کہا کہ کشمیریوں کا بھارت سے اس کے سوا کوئی مطالبہ نہیں ہے کہ وہ اپنے قائد جواہر لعل نہرو کے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق حق خود ارادیت فراہم کیا جائے ، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل بھارت کے بھی مفاد میں ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی جیلوں سے سیاسی قیدیوں کو رہا کرے ، سید علی گیلانی جو کشمیریوں کے قائد ہیں ان کا جو موقف ہے وہ کشمیریوں کا مشترکہ موقف ہے ۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول کا مسئلہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ کشمیر میں بسنے والے ہر مذہب کے لوگوں کا مسئلہ ہے کہ ان کو یہ حق دیا جائے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں ۔اس موقع پر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق مانگتے ہیں ، اور خود بھارتی قیادت نے ساری دنیا کے سامنے یہ عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو موقع دے گا کہ وہ اپنی آزادانہ رائے سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو ان کی آرزوؤں اور خواہشات کے مطابق ان کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے ، یہ خود بھارت کے مفاد میں بھی اور پورے جنوبی ایشیا کے مفاد میں بھی ہے ۔ جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیرسے جڑا ہوا ہے۔ بھارت جتنی رقم کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے استعمال کرتا رہا ہے وہ اگر بھارت کے اندر غریب لوگوں پر خرچ کرتا تو غربت ختم ہو جاتی اور مسائل میں کمی آ جاتی، لیکن بھارت ہٹ دھرمی پر قائم رہتے ہوئے کشمیریوں کو طاقت کی بنیاد پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے ۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے قائدین حریت کو کشمیر کے اندر آزادانہ طریقے سے نقل و حرکت کی اجازت دے ۔