{AF}
جھوٹے اعلانات کرنے والوں کو انہیں سچ کر کے دکھانا ہوگا ورنہ عوام کے تعاون سے نا اہل قیادت کا سخت احتساب کریں گے، سردار ارشد ندیم خان{/AF}
پلندری ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل و امیدوار قانون ساز اسمبلی سردار ارشد ندیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء پلندری میں آمد سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے 2011ء میں پلندری کے جلسہ عام میں ضلع سدھنوتی کے لیے کئے گئے اعلانات کا نوٹیفیکیشن لے کر آئیں ، جعلی نوٹیفکیشن عوام کے لیے قابل قبول نہ ہوں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاہلیان پلندری کے مقام پر رابطہ عوام مہم کے دوران کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2011ء کے پلندری کے جلسے میں میاں نواز شریف نے پلندری کے لیے ایکسپریس وے اور یونیورسٹی کا اعلان کیا تھا ، اب دوسرے الیکشن ہونے کو ہیں مگر ان اعلانات پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ حالانکہ اس کے بعد کئی مقامات پر ایکسپریس وے ، موٹر وے اور یونیورسٹیاں دی جا چکی ہیں ، بلوچ کے ضمنی الیکشن میں بھی حکومت آزاد کشمیر کے علاوہ وفاقی وزراء اور ن لیگ کی قیادت نے کئی اعلانات کیے تھے ، ان میں سے ابھی تک کسی ایک پر بھی عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سدھنوتی کو پچھلے 25سال سے کوئی میگا پراجیکٹ نہیں دیاگیا ، سدھنوتی سے منتخب ہونے والے ممبران اسمبلی کی کھلی اور واضح نا اہلی اور سدھنوتی کے عوام سے عدم دلچسپی کا واضح ثبوت ہیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے بھی وزیر اعظم بننے کے بعد اہلیان سدھنوتی سے 10 وعدے کیے تھے مگر ایک بھی پورا نہیں کیا ۔ جھوٹے اعلانات اب تعلیم یافتہ نوجوانوں کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ جھوٹے اعلانات کرنے والوں کو انہیں سچ کر کے دکھانا ہوگا ورنہ عوام کے تعاون سے نا اہل قیادت کا سخت احتساب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے اعلانات کرنا اسلام کی نفی ہے ، اسلام میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جس کا عہد نہیں اس کا ایمان نہیں اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ بات کیوں کہتے ہو جو کرتے نہیں اور اپنے ایمان کو بھی بچائیں اور یہاں کے عوام کو بھی بچائیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے سدھنوتی کے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کی ذمہ داری ڈالی ہے اس کے لیے سر دھڑ کی بازی لگائیں گے ۔ کارکنان جماعت اسلامی وسیع عوامی رابطہ مہم شروع کریں ، ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچیں جھوٹوں تک گھر تک پہنچا کر دم لیں گے۔حقیقی اور سچی قیادت کا انتخاب کریں یہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔