{AF}
ضابطہ اخلاق طے کر کے آزاد خطے میں جمہوری سپرٹ کے مطابق فری اینڈ فیئر انتخابات کروائے جائیں،عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ ، کوپرا( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جنوبی باغ کو مسائلستان میں بدلنے والوں کا احتساب کیا جائے ،پیپلز پارٹی خود وزارت امور کشمیر منظور وٹو کی مسلط کردہ ہے ، ضابطہ اخلاق طے کر کے آزاد خطے میں جمہوری سپرٹ کے مطابق فری اینڈ فیئر انتخابات کروائے جائیں جس کے نتیجے میں صحیح قیادت سامنے آئے گی اور عوامی مسائل حل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران جنوبی باغ کوپرا کے قریب کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر خالد کھوکھر ، محمد صدیق ، محمد بشارت سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کا نہ کوئی پروگرام ہے نہ لائحہ عمل ہے ، نہ ہی کارکردگی ہے بس اسلام آباد سے ماحول بنا کر وسائل کا استعمال کر کے قیادت مسلط کی جاتی ہے ، ایسے میں ریاستی تشخص کیسے بحال ہو گا اور مسائل کیسے حل ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے ، جنوبی باغ کے عوام کے مسائل پہلے بھی جماعت اسلامی نے ترجیح اول میں رکھے یہاں کے حقوق کے حصول کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے ، عدالتوں میں گئے ، ہر سطح پر آپ کے حقوق کی آواز بلند کی ، آئندہ بھی اختیار ملا تو آپ کے حقوق سب سے پہلے ادا کیے جائیں گے ، جب میں اسمبلی میں تھا تو بھرپور کوشش کی کہ یہاں کے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں ، میرٹ اور انصاف کی بنیاد پر کام ہوں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیرمیں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں ، کشمیریوں کی ہر سطح پر ترجمانی کی ہے، بھارت کے وزیر اعظم مودی کو برطانیہ میں ہمارے احتجاج کی وجہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ مین دروازے کے بجائے چور دروازے سے داخل ہونا پڑا ۔ ہم اگر مودی کے علاج کر سکتے ہیں تو یہاں بھی عوام کے حقوق کے حصول اور بحالی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اگر یہ باز نہ آئے تو دوسرے راستے بھی استعمال کریں گے ، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، 70سالوں سے یہ چہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر لوٹ مار کر رہے ہیں ، اور عوام کے مسائل میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں ، لاکھوں نوجوان بے روز گار ہیں ، تعمیر نو کے مسائل آج بھی ادھر پڑے ہوئے ہیں ، نہ صحت کی سہولت میسر ہے نہ تعلیم کے مواقع ، نوکریوں کے لیے وزیروں اور مشیروں کا عزیز ہونا ہی میرٹ قرار دیا گیا ہے ، ان پارٹیوں کا ایجنڈا اپنے عزیزوں کو نوازنا ہے جبکہ جماعت اسلامی عام آدمی کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے۔