{AF}
آج انسانیت کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ اس کو دین کی دعوت دی جائے اور قرآن کے ساتھ اس کو جوڑا جائے ،ڈاکٹر خالد محمود{/AF}
راولاکوٹ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و امیدوار قانون سا زاسمبلی حلقہ نمبر4ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ آج انسانیت کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ اس کو دین کی دعوت دی جائے اور قرآن کے ساتھ اس کو جوڑا جائے ، جن مقاصد کے لیے یہ خطہ ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر حاصل کیا تھا وہ ابھی تک تشنہ ہے ، جماعت اسلامی ان ہی مقاصد کی تکمیل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ عوام ہمارا ساتھ دیں ہم اس نظام کوبدل کر اس کی جگہ اﷲ کا دیا ہوا نظام قائم کریں گے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران ٹرنوٹی کے مقام پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق امیر ضلع سجاد انور ، امیر یونین کونسل سردار رشید ، محمد ایاز اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہمارا نظام تعلیم ، نظام صحت اور تھانے کا نظام مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے ، اور اس سارے ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنی ہے ، اور اس کو بدلنا ہے۔ کرپٹ نظام اور اس کی محافظ قیادت 68سالوں سے عوام کا استحصال کر رہی ہے ۔ عوام جماعت اسلامی میں شامل ہوں اس کے دست و بازو بنیں تاکہ ہم تبدیلی لائیں ۔