{AF}
حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث آزاد کشمیر میں عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ،عبدالرشید ترابی{/AF}
ہاڑی گہل، کہوٹی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث آزاد کشمیر میں عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ، مغربی ممالک نے عوامی فلاح و بہبود کی تعلیمات اسلام سے اخذ کر کے ایسا نظام وضع کیا ہے جس کی وجہ سے وہ ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں ، ہمارے پاس شاندار اسلامی نظام ہونے کے باوجود ہم غیروں کے نظام پر چل رہے ہیں اور مسائل سے دوچار ہیں ، جنوبی باغ کو ہمیشہ میں نے ترجیح دی اور آئندہ بھی جنوبی باغ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے، کرپٹ نظام کی تبدیلی کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران کہوٹی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع باغ نثار احمدشائق ، امیر جماعت اسلامی حلقہ وسطی باغ آزاد طارق ، امیر جماعت اسلامی جنوبی باغ سردار سخاوت ، سردار منظور ، سردار تنویر سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنوبی باغ کے قائدین نے کہا کہ عبدالرشید ترابی نے ہمیشہ جنوبی باغ کے لوگوں کے مسائل حل کروائے ہیں ان کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کی ہے ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نہ صرف جنوبی باغ بلکہ پورا آزاد کشمیر مسائلستان کا نقشہ پیش کررہا ہے ،صحت ، تعلیم سمیت تمام محکمے بری طرح مفلوج ہو چکے ہیں ، تعمیر کا پہیہ جام ہے ، ظلم ناانصافی کا دور دورہ ہے اسلامی تعلیمات کے بجائے مغربی تعلیمات عام کرنے کے لیے حکومتی وسائل صرف ہو رہے ہیں ، قرآن کی تعلیم کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں ہے جبکہ انگریزی تعلیم کے لیے بجٹ مختص ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد خطے میں عدل و انصاف پر مبنی نظام اور معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ اس وقت پورے آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی عوام رابطہ مہم شروع کیے ہوئے ہے لوگ جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ آزاد خطے کے غیور لوگ جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔کشمیر کی آزادی کے لیے جماعت کی قربانیاں پوری دنیا تسلیم کرتی ہے اسی طرح ایک اپوزیشن جماعت ہونے کے باوجود آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اور مہاجرین مقیم پاکستان میں شاندار خدمت کر رہی ہے ، صحت ، تعلیم اور خدمت کے میدان میں کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا ہم اپنے اس شاندار ریکارڈ کے ساتھ میدان میں اترے ہیں ، کارکن ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک دین کی دعوت پہنچائے اور ان کو جماعت میں شامل کرے ۔جنوبی باغ میں جومسائل ہیں ، سڑکوں کے ، صحت کے ، اور تعلیم کے وہ حکومت فوری حل کرے جن لوگوں نے یہاں سے بوریاں بھر کر ووٹ حاصل کیے وہ آج غائب ہیں جماعت اسلامی کل بھی یہاں موجود تھی اور آج بھی یہاں موجود ہے اور ان شاء اﷲ موجود رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کو پسماندہ رکھنے والوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے عوام ہمارا ساتھ دیں ہم ان کو کٹہرے میں لائیں گے۔