حضور نبی کریم ﷺ کا اسوۂ حسنہ قیامت تک آنے والی انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے ،عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabi حضور نبی کریم ﷺ کا اسوۂ حسنہ قیامت تک آنے والی انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے ،عبدالرشید ترابی{/AF}

باغ، بیر پانی ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کا اسوۂ حسنہ قیامت تک آنے والی انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے ، اس آئینے کے اندر ہم اپنے قول و فعل کے تضاد کو دور کر کے یک رنگی اختیا رکریں ، آج ہمارے مسائل کا سبب یہ ہے کہ ہم حضور ﷺ سے عقیدت کے دعوے تو کرتے ہیں مگر عمل اس کے برعکس ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران سڑول میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آج ہماری معاشرت ، ذات پات کے رنگ میں رنگی ہوئی ہے اور معیشت سود پر مبنی ہے ، سیاست چانکیائی اور میکاویلی کے ذاتی مفادات پر مبنی ہے ،ایسے میں ہم سیرت کی اتباع کا حق ادا نہیں کر رہے۔ہمارے عقائد ، ہمارے معاملات ، ہماری عبادات ہر اعتبار سے ہمیں اپنا جائزہ لینا چاہیے خود احتسابی کی راہ اختیار کرنی چاہیے اپنے گھر اور اپنے سماج پر اسلام کے رنگ کو غالب کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عدالتیں انصاف فراہم نہیں کر رہی ہیں ، ظالم کا ہاتھ روکنے کے بجائے اس کے ظلم میں شریک ہیں حق تلفی عام ہو چکی ہے ، ظلم و نا انصافی پر مبنی نظام نے لوگوں کو عوام الناس کو مسائل سے دو چار کر دیا ہے ،ریاست کشمیر ہمارے آباؤ اجداد نے کلمے کی بنیا دپر حاصل کی تھی انہوں نے یہ خواب سجایا تھا کہ آزاد ریاست میں اسلام کا نظام ہوگا ، عدل و انصاف ہوگا ، مظلوم کی داد رسی کی جائے گی ، ظالم کے ہاتھ کو روکا جائے گا ، مگر آج اس کے برعکس ظالم کے ہاتھ مضبوط کیے جا رہے ہیں ، مظلوم کا کوئی پرسان حال نہیں ، علاقوں اوربرادریوں کے نام پر امت کو تقسیم کر دیاگیا ہے ، ان حالات میں عذاب اور زلزلے نہیں آئیں گے تو اور کیا ہوگا ۔ان کیفیات سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی اتباع کریں ، اسلام کو بطور نظام زندگی نافذ کریں ، اپنی پوری زندگی میں اس کے رنگ کو غالب کریں ، اس حوالے سے جماعت اسلامی میدان جہاد میں ہے ۔ عوام ہمارا ساتھ دیں جماعت اسلامی میں شامل ہو کر اس نیک کام میں ہماری معاونت کریں ، ہم معاشرے میں برائیوں کے خاتمے ، عدل و انصاف پر مبنی نظام کے قیام اور اﷲ کے دین کے قیام کے لیے نکلے ہیں اور یہ مشن انبیاء کا مشن ہے ، ذات برادریوں اور علاقوں کے تعصبات سے بالا تر ہو کر جماعت اسلامی کے کلمے والے جھنڈے تلے جمع ہوں ، تبدیلی کا ایجنڈا ہمارے پاس ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ آزادی کا بیس کیمپ ہے مقبوضہ وادی کے مظلوم عوام ہمیں پکار رہے ہیں ، ہندوستان کے ظلم و تشدد کے سامنے وہ دیوار بنے ہوئے ہیں ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے ، اور اس آزاد خطے کو حقیقی بیس کیمپ بنانا وقت کا تقاضا ہے تا کہ یہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھی مطلوبہ کردار ادا کر سکے اور یہاں کے مسائل بھی حل ہوں اور انسانیت کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اﷲ کی غلامی میں دیا جائے ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر