{AF}
جماعت اسلامی پورے آزاد کشمیر میں بھر پور انداز سے انتخابات میں حصہ لے گی ، سردار ارشد ندیم خان {/AF}
میرپور ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم خان نے کہا ہے کہ ضلع میر پور کی تمام نشستوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ چکسواری سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار چوہدری سعود اقبال سے خصوصی نشست کے دوران کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر محمود الحسن چودھری اور امیر جماعت اسلامی ضلع میر پور مولانا عتیق الرحمن بھی موجود تھے ، ارشدندیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ چوہدری سعود اقبال اپنے حلقے میں بھر پور انداز سے انتخابی مہم کو تیز کریں ، موثر بنائیں ، ضلع میر پور آج پسماندہ ترین ضلع ہے ، پانی کے باوجود لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ، ڈیم کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے ضلع کے عوام دو چار ہیں ، متاثرین ڈیم آج بھی در بدر ہیں ، ان سارے مسائل کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکمران ہیں ۔ جماعت اسلامی تبدیلی کے ایجنڈے کو لے کر نکلی ہے ، عوام کے تعاون سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ،اس موقع پر چوہدری سعود اقبال نے کہا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد خصوصی ٹولے کی لوٹ مار کی شکار ہے اس لوٹ مار میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون برابر کی شریک ہیں ، انہوں نے کہا کہ میں چکسواری سے پوری قوت کے ساتھ الیکشن میں حصہ لوں گا ، اور کامیابی حاصل کروں گا ، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے بغیر کوئی پارٹی عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی ۔ جماعت اسلامی کی قیادت صاف و شفاف ، امانت دار اور دیانت دار ہے ، صلاحیتوں کے اعتبار سے بھی اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ جماعت اسلامی شاندار ریکارڈ اور باکردار قیادت کے ساتھ میدان میں اتری ہے عوام ساتھ دیں ، انہوں نے کہا کہ اگر میں کامیاب ہو کر عوام کے مسائل حل نہ کر سکا تو یہاں سے ہجرت کر جاؤں گا۔