{AF}
متاثرین منگلا اور مہاجرین کے ناموں پر زمینوں کی بند ربانٹ کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے ، عبدالرشید ترابی {/AF}
ڈڈیال ( پ ر ) امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ متاثرین منگلا اور مہاجرین کے ناموں پر زمینوں کی بند ربانٹ کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے ، اور حقیقی متاثرین کو حقوق ملنے چاہئیں ، میر پور ڈویژن کے عوام کے مسائل حل نہ کرنا بہت بڑی نا انصافی اور ظلم ہے ۔ ان لوگوں نے دو مرتبہ اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو ڈبو دیا مگر یہ ستر سال گزرنے کے باوجود بھی بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہیں ۔چاروں اطراف میں پانی کے دریا کے بہاؤ کے باوجود یہاں کے لوگوں کو پینے کا صاف آج تک میسر نہیں ہے ، پورے پنجاب اور پاکستان کو روشن کروانے والے خود تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ ان سب کی ذمہ دار ہمارے نا اہل حکمران ہیں جن سے نجات کے لیے جماعت اسلامی نے آمدہ انتخابات کے لیے بھرپور انداز سے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے سابق وائس چیئرمین بار کونسل شوکت کیانی ایڈووکیٹ کی والدہ اور راجہ جہانگیر خان کی خالہ کی وفات پر ان کے ہاں جا کر اظہار تعزیت کیا ۔ ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ واپڈا فوری طور پر متاثرین منگلا کے معاوضوں کی ادائیگی کا اہتمام کرے ،ذیلی کنبوں کی بنیاد پر معاوضے دیے جائیں انہوں نے کہا کہ اگر متاثرین کے مسائل حل نہ ہوئے توجماعت اسلامی شدید احتجاج کرے گی متاثرین کے ہمراہ منگلا سمیت دیگر مقامات پر سڑکوں پر نکلے گی اور اسلام آباد کا بھی گھیراؤ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹیاں اور جھنڈے بدل بدل کر آزاد خطے پر مسلط ہونے والوں نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیا ہے ، لاکھوں نوجوان بے روز گار ہیں ، ظلم اور نا انصافی عروج پر ہے ، کرپشن اور اقرباء پروری فیشن بن چکا ہے، غریبوں کے بیٹوں کے لیے روز گار کے دروازے بند ہیں ، طبقاتی نظام تعلیم نے ہماری قوم کو تقسیم کر دیا ہے، عدل کرنے والے اداروں کو بھی دست برد سے نہ بچایا جا سکا ان حالات میں جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے ، جماعت اسلامی کے کارکن عوام رابطہ مہم تیز کریں ، عوام کے ترجمان بنیں اور بالخصوص میر پور ڈویژن کے لوگ جو بیرون ملک ہیں ان کے ترجمان بنیں ، ان کے مسائل حل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈڈیال کی سڑکیں کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہی ہیں ، صحت کی سہولیات ناپید ہیں ، تعلیم روبہ زوال ہے ، جماعت اسلامی نے اپنے محدود وسائل کے اندر تعلیم کے لیے متبادل بندوبست کیا ، صحت کا بندوبست کیا ، خدمت کی شاندار مثالیں قائم کیں ، جماعت اسلامی کے امیدواران اسمبلی اپنے اس شاندار ریکارڈ کو لے کر عوام کے پاس جائیں ان کا اعتماد حاصل کریں ان کو یہ باور کرائیں کہ جماعت اسلامی کے سوا ان کے مسائل حل کرنے کا ایجنڈا کسی کے پاس نہیں ہے ۔ روایتی پارٹیاں اور قیادتیں فیل ہو چکی ہیں ، کرپٹ اور فرسودہ نظام عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہے۔ جماعت اسلامی کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خلاف علم جہاد بلند کرتی ہے ہم نے اسمبلی فلور کے اندر بھی عوامی حقوق کی جنگ لڑی ہے ، تھانوں اور کچہریوں میں بھی عوام کے لیے کھڑے ہوئے ہیں ، عوامی عدالت میں بھی عوام کی جنگ لڑی ہے ، آمدہ انتخابات میں عوام فیصلہ کریں کہ انہوں نے ان ہی چوروں کو دوبارہ منتخب کرنا ہے یا امانت دار ، دیانت دار اور با صلاحیت کو قیادت کو منتخب کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوں سے یہ کہتا ہوں کہ وہ ہمارا ساتھ دیں جماعت اسلامی میں شامل ہوں تا کہ ہم اس نظام کو بدلیں اور اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کریں جس میں ہر فرد کو انفرادی اور اجتماعی طور پر انصاف ملے۔انہوں نے کہا کہ اگر اﷲ نے موقع دیا اور عوام نے اعتماد کیا تو جماعت اسلامی لاکھوں بے روز گاروں کے لیے روز گار کا بندوبست کرے گی تعلیم اور صحت عوام کو مفت فراہم کرے گی ، تعمیر و تررقی کا عمل شروع کر کے آزاد خطے کو ایک اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنائے گی ۔