{AF}
بھارت جب تک مقبوضہ کشمیر سے کالے قوانین کا خاتمہ ، فوجی انخلاء اور انسانی حقوق کی پامالیاں بندنہیں کرتا اس وقت تک دو طرفہ بات چیت سے کوئی نتیجہ نہیں نکل سکتا ، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ ، ہاڑی گہل ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت جب تک مقبوضہ کشمیر سے کالے قوانین کا خاتمہ ، فوجی انخلاء اور انسانی حقوق کی پامالیاں بندنہیں کرتا اس وقت تک دو طرفہ بات چیت سے کوئی نتیجہ نہیں نکل سکتا ، حکومت پاکستان مداہنت سے کام لیے بغیر بھارت پر دو ٹوک انداز سے مسئلہ کشمیر پر بات کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بھر پور طریقے سے آمدہ انتخابات میں حصہ لے گی کارکن رابطہ عوام مہم پوری قوت سے چلائیں ۔ لوگوں کو جماعت میں شامل کریں ان کے ترجمان بنیں ، ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچ کر ان کو دعوت دیں اور اپنی صفوں میں شامل کریں ، جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے، روایتی قیادتیں اور پارٹیاں ناکام ہو چکی ہیں ۔ 70برس گزر چکے ہیں لیکن ہمارے مسائل پہلے سے زیادہ ہو چکے ہیں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں ، کرپشن کا دور دورہ ہے ، تعمیر و رترقی نام کی چیز نہیں ہے ، متاثرین زلزلہ آج بھی مشکلات کا شکار ہیں ، بچے اس شدید سردی میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان سارے مسائل کا حل یہ ہے کہ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں ، جماعت اسلامی ہی ان مسائل کو حل کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کا تقرر مشاورت سے کرے تاخیری حربے برداشت نہیں ہیں ۔ آل پارٹیز کانفرنس بلوا کر متفقہ الیکشن کمیشن کا تقرر کیا جائے ، حکومت نادرا ریکارڈ کے مطابق انتخابی فہرستیں مرتب کرے ، جعلی اور لاکھوں بوگس ووٹ نکالے جائیں تا کہ فری اینڈ فیئر انتخابات ہوں تو سب کے لیے قابل قبول ہیں ۔ جماعت اسلامی موثر پارلیمانی رول حاصل کرنے کی کوشش کرے گی انہوں نے کہاکہ بھارت مذاکرات کے نام پر دھوکہ دیتا ہے بر صغیر میں امن اور دو طرفہ تعلقات اس وقت بحال ہوں گے جب مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہو۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت نہیں ہو سکتی ۔ حکومت پاکستان ٹھوس پالیسی اپنائے اور عملی اقدامات اٹھائے۔ دریں اثناء انہوں نے کفل گڑھ میں حاجی اکرم کی اہلیہ کی وفات پر ان کے ہاں جا کر تعزیت کی ، سابق ڈی ایس پی کی وفات پر ان کے ہاں جا کر اظہار کیا ، مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کیں ۔