{AF}
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے صوبوں سے زیادہ اختیارات دئیے جائیں،ارشد ندیم ایڈووکیٹ{/AF}
آئینی معاملات کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور دستور پاکستان میں انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ اٹھارویں آئینی ترمیم میں صوبوں کو دئیے گئے اختیارات کے تناظر میں حل کیا جانا چاہیے راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے صوبوں سے زیادہ اختیارات دئیے جائیں،گلگت بلتستان کو صوبہ بنائے جانے کے مسئلہ پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی لیڈر شپ کا باہم جذباتی ردعمل دانش مندی نہیں ہے اس سے دونوں خطوں میں پہلے سے موجود خلیج مزید وسیع ہو گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے عوام بھی آئینی حقوق سے محروم ہیں مگر گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیاں زیادہ ہیں اس لیے ان دونوں خطوں کے آئینی معاملات کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور دستور پاکستان میں انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ اٹھارویں آئینی ترمیم میں صوبوں کو دئیے گئے اختیارات کے تناظر میں حل کیا جانا چاہیے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں پورے خطے کشمیر کے لیے ہیں پاکستان یا ہندوستان اس خطے کی نئی سرحدوں کا تعین نہیں کر سکتے البتہ پاکستانی حکمرانوں کی نیت اگر ٹھیک ہو تو گلگت بلتستان کو صوبہ بنائے بغیر وہاں کے عوام کو پاکستان کے صوبوں سے زیادہ بااختیار بنایا جا سکتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چونکہ متناذعہ خطہ کی خصوصی حیثیت ہوتی ہے اس لیے اس خطہ کے عوام کو آئینی حقوق بھی ملنے چاہیں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور لیڈر شپ کو بھی یہ مطالبہ کرنا چاہیے کہ انہیں زیادہ سے زیادہ حقوق دئیے جائیں ،انہوں نے کہا کہ صوبہ بنانے کے لیے اقوا م متحدہ کی قراردادویں اور معاہدہ کراچی رکاوٹ ہیں ا س لیے اس کا بہترحل یہ ہے کہ عوام کو تو حقوق سے غرض ہے اس لیے صوبہ بنائے بغیر اگر صوبے سے زیادہ حقوق یا برابر حقوق دئیے جائیں اس کے لیے پاکستان کے آئین میں مناسب ترامیم بھی کر لی جائیں ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی لیڈر شپ اور گلگت بلتستان کی لیڈر شپ کی لفظی جنگ افسوس ناک ہے اس سے اپنے اپنے ریجن میں عوا م کو تو خوش کیا جا سکتا ہے لیکن بحیثیت مجموعی یہ سب کے لیے نقصان دہ ہے۔