{AF}
آزاد کشمیر کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تو مدینے کی طرز پر ماڈل اسلامی حکومت بنائیں گے ، سراج الحق{/AF}
کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ، عبدالرشید ترابی ہٹیاں ضلع نام کا ضلع ہے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، ڈاکٹر مشتاق خان حکومت پاکستان متاثرین زلزلہ کے 56ارب روپے واپس کرے ، شیخ عقیل الرحمن ہٹیاں بالا میں جماعت اسلامی نے دونوں بڑی پارٹیوں کا ساتھ دیا اب وہ ڈاکٹر مشتاق کا ساتھ دیں ، حکومت پاکستان کشمیریوں کو NFCایوارڈ کے مطابق زیادہ حصہ دیں ، منگلا ڈیم سمیت دیگر ہائیڈل منصوبوں کی رائیلٹی حکومت پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو فراہم کرے یہ ان کا حق ہے ، آزاد کشمیر کے لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کو دیکھتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے نوجوان ستر سال سے مسلط حکومتوں کے خلاف اعلان بغاوت کریں ، جماعت اسلامی ان کو با عزت روز گار فراہم کرے گی ، الخدمت فاؤنڈیشن آزا دکشمیر پاکستان میں متاثرین زلزلہ کے لیے کیمپس قائم کرے ہٹیاں بالا ( پ ر ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تو ہم مدینے کی طرز پر ماڈل اسلامی حکومت بنا کر ان کے تمام مسائل گھر کی دہلیز پر حل کریں گے ، آزاد کشمیر میں جانے کا اتفاق ہوا ہے سڑکیں کھنڈرات ، ہسپتال ، سکول ، چھتوں اور ادویات سے محروم ہیں پڑھے لکھے لاکھوں نوجوان بے روز گار ہیں ، کسی وزیر یا ممبر اسمبلی کا بیٹا یا عزیز بے روز گار نہیں بلکہ غریبوں کے بیٹے روز گار سے محروم ہیں ۔ غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی واحد پناہ گاہ جماعت اسلامی ہے ، 70سال سے اس خطے میں باریاں لگا کر لوٹ مار کرنے والوں کا نوجوان اور عوام احتساب کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ہٹیاں بالا کے زیر اہتمام عزم آزادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی ، نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر مشتاق خان ، نائب امیر شیخ عقیل الرحمن ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد کشمیر ارشد ندیم خان ، ضلع ہٹیاں کے امیر پروفیسر راجہ شوکت علی خان ، ضلع باغ کے امیر نثار شاہق ، سابق ناظم کشمیر نزاکت علی خان ، چوہدری منیر اختر ، مولانا عبداﷲ ، مولانا زبیر ، سفیر مغل ، ارفاق مغل سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ ’’ عزم آزادی ‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کشمیریوں کو دنیا کی کوئی طاقت غلام نہیں رکھ سکتی نریندر مودی نے انتہا پسندانہ پالیسیاں جاری رکھیں تو نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا بلکہ ہندوستان کے اندر مظلوم اقلیتی مذاہب کے لوگ ایک اور نیا پاکستان بنائیں گے ، پاکستان اور آزاد کشمیر کے حکمران اور جماعتیں مل کر 2016ء کو آزادی کا سال منائیں ہندوستان کے ساتھ کشمیر کے سوا کسی مسئلے پر بات نہ کی جائے ، انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے دورے کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ نریندر مودی سے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں تو میں نے جواب دیا کہ میں نریندر مودی سے کشمیر کے سوا کسی مسئلے پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں ۔ اگر وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بات کرنا چاہے تو میں پیدل دلی جانے کو تیار ہوں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آزا دکشمیر و پاکستان میں قیادت کا بحران ہے جس کی وجہ سے ہمارے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں ، اشرافیہ لوٹ مار میں مصروف ہے ، آزادکشمیر کے اندر اور پاکستان کے اندر بھی جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ اس اشرافیہ کے خلاف پاکستان و آزادکشمیر میں جہاد کرنا ہے عوام اس جہاد میں ہمارا ساتھ دیں تا کہ ہم خوشحال کشمیر اور اسلامی کشمیر کے قائم کر سکیں ۔ اسی میں ہمارے مسائل کا حل مضمر ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان سے کہا کہ وہ NFCایوارڈ میں کشمیریوں کو زیادہ حصہ دے یہاں زیادہ مسائل ہیں اس خطے کو رول ماڈل بنایا جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے بھی باعث رغبت ہو ۔ منگلا ڈیم سمیت دیگر ہائیڈل منصوبوں کی رائیلٹی آزا دکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم کی جائے یہ ان کا حق ہے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیرکی آزادی نوشتہ دیوار ہے اس کو کوئی روک نہیں سکتا۔ جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے ہماری پشتیبان ہے قاضی حسین احمد مرحوم کے تسلسل کو سراج الحق جاری رکھے ہوئے ہیں اہل کشمیر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ہندوستان نے جنگ کی تو بنگلہ دیش کا بدلہ بھی چکائیں گے ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آمدہ انتخابات میں بھر پور انداز سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اس حلقے میں جماعت اسلامی نے دونوں بڑی جماعتوں کی مدد کی ہے اب ان پر واجب ہے کہ وہ اس دفعہ ڈاکٹر مشتاق کی حمایت کریں ۔انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن آزادکشمیرکو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں متاثرین زلزلہ کے لیے کیمپس قائم کریں پاکستانی قوم نے کشمیریوں کی بھر پور مدد کی اس موقع پر اب ان کی مدد کی ضرورت ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ ضلع ہٹیاں نام کا ضلع ہے یہاں کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، یونیورسٹی برائے نام ہے اس میں سٹاف کی کمی ہے ، اسی طرح محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کا حال ہے جماعت اسلامی اقتدار میں آکر یہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔شیخ عقیل الرحمن نے کہا کہ حکومت پاکستان متاثرین زلزلہ کے 56ارب روپے واپس کرے ۔ جماعت اسلامی آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم خان نے کہا کہ آزاد خطہ مسائلستان بنا ہوا ہے ، زکوۃ اور بیت المال بھی وزراء اور ان کے چیلے اڑارہے ہیں ، صحت ، تعلیم ، کا فقدان ہے تعمیر و ترقی کا پہیہ جام ہے ۔ اس موقع پر دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔