{AF}
آزاد خطے کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت جماعت اسلامی کی قیادت کے پاس ہے ، عبدالرشید ترابی {/AF}
جماعت اسلامی کے کارکن بھر پور انداز سے انتخابات کی تیاری کریں ، بھمبر کی تمام سیٹوں پر انتخابات میں حصہ لیں گے ، نریندر مودی کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، بھارت نے حملے کی حماقت کی تو اس کو چھٹی کا دودھ یاد دلائیں گے ، نریندر مودی نے کشمیریوں کا کام آسان کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی کورٹ نے گائے ذبح کرنے پر پابندی تحریک آزادی کشمیر کو تقوویت پہنچائی بھمبر ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آمدہ انتخابات میں بھر پور انداز سے حصہ لے گی اور موثر پارلیمانی گروپ لے کر اسمبلی میں جائے گی، جماعت اسلامی کے کارکنان پوری قوت کے ساتھ انتخابات کی تیاری کریں ، بھمبر کی تمام سیٹوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھمبر کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع امجد یوسف ، فرید چوہدری ، ڈاکٹر ریاض ، کبیر ہاشم ، سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بیس کیمپ میں نظام اور قیادت کی تبدیلی تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھی ضروری ہے اور یہاں کے عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی ضروری ہے ۔ روایتی قیادت اور پارٹیاں 67سالوں سے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں ۔ ادارے تباہ ہو چکے ہیں ، ظلم اور نا انصافی کا دور دورہ ہے ، غریب کے لیے ملازمت کے دروازے بند ہیں ، رشوت اور سفارش کے اس کلچر میں ایمان بچانا بھی مشکل ہو چکا ہے ، تھانے اور کچہریاں امن اور انصاف کے بجائے خوف کے نشان بنے ہوئے ہیں ، میرٹ پامال ہو رہا ہے ، تعمیر و ترقی نام کی چیز نظر نہیں آ رہی ، متاثرین منگلا ڈیم دو مرتبہ اپنے آباؤ اجداد کی قبریں ڈبونے کے باوجود مسائل کا شکار ہیں۔ لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے ، متاثرین کے ذیلی کنبوں کے مسائل ابھی تک حل نہیں ہوئے ، جو نئی آبادیاں بن رہی ہیں ان کے اندر نہ پانی ہے نہ بجلی ہے اور نہ ہی کوئی اور سہولت ہے ۔ ان لوگوں نے قربانیاں دیں ان کے لیے اچھی سوسائٹیاں بن سکتی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھمبر بھی مسائلستان بنا ہوا ہے ۔ آزاد کشمیر کے جس ضلع میں بھی جس حلقے میں جاتا ہوں عوام مسائل کے انبار لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت کی ذمہ داری تھی کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچاتی اور آزاد خطے کے مسائل حل کر تے مگر وہ اس میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی کو قومی ایجنڈا بنائیں تاکہ یہاں کے مسائل بھی حل ہوں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی منزل کو بھی حاصل کیا جا سکے۔