{AF}
اہل پونچھ اپنی تمام سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یکم جون کو قائد پاکستان سراج الحق کا استقبال کریں ۔عبدالرشید ترابی {/AF}
ہجیرہ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر اور تحریک آزادی کشمیر کے پشتی بان سراج الحق ایسے موقع پر پونچھ کا دورہ کر رہے ہیں جب مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی کی قیادت میں ایک انداز سے مردو زن آزادی کا پرچم تھامے سری نگر کے چوکوں میں موجود ہیں ، نریندر مودی نے اقتدار میں آنے کے بعد مسلم تشخص کے خاتمے کے لیے کوشش کی اور کشمیر کو ہندوستان کا حصہ بنانا چاہا تو ہزاروں کشمیریوں نے سید علی گیلانی کی قیادت میں بھارت کو یہ پیغام دیا کہ کشمیر کا بچہ بچہ جذبہ آزادی سے سرشار ہے ، اس کی آٹھ لاکھ فوج سے خوف زدہ نہیں بلکہ آزادی اور پاکستان کا پرچم لہراتا رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سردار سرفراز اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی اور پاکستان کے پرچم لے کر ہزاروں لوگ مقبوضہ کشمیر میں امڈ آئے حالات کا تقاضا تھا کہ آزاد کشمیر کے اندر بھی ان کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ہزاروں لوگ امڈ آتے ‘ لیکن بد قسمتی سے بیس کیمپ میں ایسا نہیں ہو سکا۔ وقت کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں وہ مشکلات کی وجہ سے عملاً کشمیر کاز سے لا تعلق ہو کر رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی سر زمین ہے یہاں کے عوام سید علی گیلانی اور کشمیریوں کو یہ پیغام پہنچائیں کہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری ان کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام محض ایک خواب ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کیا جائے بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی کے بغیر نہ تو تحریک آزادی کشمیر منزل مقصود تک پہنچائی جا سکتی ہے اور نہ ہی آزاد خطے کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یکم جون کو راولاکوٹ کی سر زمین پر اہل پونچھ سراج الحق کا فقید المثال استقبال کریں تاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر حوصلے کا پیغام جائے اور آزاد خطے کے اندر تبدیلی کے لیے سنگ میل ثابت ہو۔انہوں نے کہا کہ سراج الحق راولاکوٹ میں کشمیریوں سے تاریخی یکجہتی کا اظہار کریں گے اور وہ ہی جماعت اسلامی پاکستان کا کشمیر کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ سراج الحق نے اپنا زمانہ طالب علمی سے لے کر جماعت کی امارت تک اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور اسلامی نظام کے غلبے کے لیے وقف کیے رکھی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی آزاد خطے میں تبدیلی کا ایجنڈا رکھتی ہے اور جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں ۔ شہداء کے خون کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر کشمیر کی آزادی کو یقینی بنائیں اور آزاد خطے میں اﷲ کے دیے ہوئے نظام کو قائم کریں ۔