{AF}
سبز علی خان ‘ ملی خان اور شہداء و غازیوں کے ورثاء یکم جون کو پونچھ کی سر زمین پر سراج الحق کا فقید المثال استقبال کریں ، عبدالرشید ترابی{/AF}
راولاکوٹ ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سراج الحق کشمیر آ کر مقبوضہ کشمیر میں جاری نئے انداز سے تحریک سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، سراج الحق کا یہ دورہ کشمیر کی آزادی میں سنگ میل اور کرپٹ نظام کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا ، پونچھ کے نوجوان ‘خواتین اور علمائے کرام سمیت تمام طبقات کو میں دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس جلسے میں شریک ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولاکوٹ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع سردار زاہد رفیق ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے جلسے کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے یونین کونسل پکھر کا دورہ کیا اس موقع پر علاقے کے معززین اور کارکنان جماعت نے شرکت کی ۔ حاجی اختر صاحب کے ہاں یہ تقریب منعقد ہوئی اس موقع پر امیر حلقہ معروف ضیاء اور امیر یونین کونسل محمد انور سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آزاد خطے میں ظلم نا انصافی کرپشن ، اقرباء پروری کا دوردورہ ہے متاثرین زلزلہ ‘ متاثرین منگلا سال ہا سال سے مسائل کے حل کے لیے در بدر ہیں ان کی کوئی شنوائی نہیں ، ضلع پونچھ ‘ ضلع باغ سمیت دیگر اضلاع مسائلستان بن چکے ہیں ۔جماعت اسلامی کرپٹ ، استحصالی اور فرسودہ نظام کے خلاف میدان میں موجود ہے ، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ظلم پر مبنی اس نظام کو ختم کر کے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کیا جائے جس میں انفرادی اور اجتماعی طور پر لوگوں کے مسائل حل ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے شہداء اور غازیوں کے جانشین ہمارا ساتھ دیں تا کہ جن مقاصد کے لیے یہ خطہ آزاد کروایا تھا وہ پورے ہوں اور بقیہ کشمیر بھی آزا دہو۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے بیس کیمپ کا کردار ضروری ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حصے کا کام کر لیا ہے اب اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ نے اپنا کردار ادا کرنا ہے جماعت اسلامی اسی کردار کی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔