{AF}
کشمیر کونسل سے کروڑوں روپے کرپشن کی تحقیقات عدالتی کمیشن بنایا جائے کشمیر کونسل کے وسائل پر کرپٹ مافیا کا مکمل قبضہ ہے،نثار احمد شائق {/AF}
باغ ( پ ر ) عبدالحی فدا روڈ کے لیے رکھے گئے 55کروڑ روپے بھی کرپٹ مافیا نے ہضم کر لیے ۔ ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز عوامی ایکشن فورم اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر نثار احمد شائق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کشمیر کونسل سے نعمان پورہ تا ملوٹ ‘ ریسٹ ہاؤس باغ تا سدھن گلی اور دیگر اضلاع میں منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن کے سکینڈل آئے روز اخبارات کی زینت بنے ہیں لیکن اس کی تحقیقات کے لیے کمیٹیاں کشمیر کونسل کے ان ہی افسیران پر مشتمل ہوتے ہیں جو اس کرپٹ مافیا کے حصہ دار ہوتے ہیں ۔ نثار احمد شائق نے کہا کہ اس کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لیے چیئرمین کونسل وزیر اعظم نواز شریف عدالتی کمیشن بنائیں جو آج تک کیے گئے اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی ایکشن فورم یونین کونسل تھب نے پہلے سے ہی 18مئی کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی و دینی جماعتوں کے کارکنان و قائدین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نے پولیس کی طرف سے ریاستی تشدد کی مذمت کی اور ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تھپ تشریف لائے ۔ نثار احمد شائق نے کہا کہ حکومت فی الفور ضلع باغ کی انتظامیہ اور واقعہ میں ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرے اور ’’ عبد الحی فدا روڈ‘‘ کے لیے کشمیر کونسل سے کرپٹ مافیا کی طرف سے ہضم کیے گئے فندز کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔ اس موقع پر عوامی ایکشن فورم کے رہنما مولانا شوکت صدیقی ‘ راجہ محمد ایاز خان ‘ راجہ رویز خان ‘ راجہ عاشق خان ‘ سردار سبیل چغتائی ‘ راجہ طاہر عباس ‘ راجہ ندیم ‘ صوبیدار ریاض ‘ راجہ عبدالرزاق اور راجہ جواد عقیل بھی موجود تھے۔