آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کشمیری اورحریت قائدین کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، عبدالرشیدترابی

{AF}abdul rasheed turabi آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کشمیری اورحریت قائدین کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، عبدالرشیدترابی{/AF}

مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشیدترابی نے کہا ہے کہ مودی کشمیر پر قبضہ اور ریاست کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔ کشمیری قیادت مودی کے ایجنڈے کو حکمت اور تدبر کے ساتھ ناکام بنائے۔ سب پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر ی قوم ریاست کی وحدت اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ سید علی گیلانی کی قیادت میں قافلہ آزادی رواں رہے گا۔ حریت راہنما مسرت عالم بٹ کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سید علی گیلانی سمیت تمام نظر بند حریت راہنماؤں کو آزاد کیا جائے ۔حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر حریت قائدین کی بلاجواز گرفتاریوں اور نظر بندی کا معاملہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اٹھائے۔ بھارت فوجی اور ریاستی جبر کے ذریعے حق خودارادیت کو کچلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اور وادی کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ بھارت کشمیر کے اندر مذہبی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کر کے ہندو مسلم فسادات کرانا چاہتا ہے۔ کشمیر کے اندر ہندؤوں کے لئے علیحدہ بستیاں ریاست کے وجود کے لئے خطرناک ہیں۔ حریت قائد مسرت عالم بٹ کو پاکستانی پرچم بلند کرنے کے اقدام کو جرم قرار دیتے ہوئے پی ایس اے کا اطلاق اور گرفتار کر کے کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنا ظالمانہ اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مرکزی ایوان صحافت میں منعقدہ جلسے اور احتجاجی ریلی سے خطاب کے دوران کیا ۔حریت راہنماؤں کی کالے قوانین کی تحت گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے خلاف احتجاجی ریلی مرکزی ایوان صحافت سے گھڑی پن چوک تک نکالی گئی۔شرکاء ریلی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔ احتجاجی جلسے اور ریلی سے عبدالرشید ترابی کے علاوہ نائب امیرجماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان ،پی ٹی آئی کے راہنما خواجہ فاروق احمد ،حزب المجاہدین کے راہنماؤں شمشیر خان ،محمد اصغر رسول ،قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ،امیر ضلع سید نذیرحسین شاہ، مولانا منظور الحسن،پاسبان حریت کے راہنما عزیر احمد غزالی، مشتاق الاسلام، منظور شیخ، اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے اقوام متحدہ ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان ،او آئی سی او ر اقوام متحدہ کو متحرک کرے اور وادی کی سنگین صورت حال کو عالمی سطح پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرے۔ حریت قائدین کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے معاملے پر قومی اسمبلی اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس منعقد کر کے قابض افواج کے ہتھکنڈوں کی مذمت کی جانی چاہئے ۔ لیکن حکومت آزاد کشمیر نے سرد مہری کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر محاذ آزادی کو سرگرم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھارتی سازشوں کو بے نقاب کیا جائے ۔وفاقی اورآزاد حکومتوں کو سنجیدہ طرز عمل اختیار کرنا ہو گا۔ آزاد کشمیر اور پاکستا ن کے عوام جدوجہد آزادی میں حریت قائدین اور مجاہدین کے ساتھ ہیں اور ان کی استقامت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی تک جدوجہد آزادی ہر قیمت جاری رہے گی۔ اور آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ عبدالرشید ترابی کا کہنا تھا کہ بھارت یہ جان لے کہ اسے ہر قیمت پر کشمیریوں کو آزادی دینا ہو گی ۔ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ جموں و کشمیر اس کا حصہ نہیں۔ اور نہ وہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کو زیادہ دیر غلام رکھ سکتا ہے ۔ آزادی کشمیر یوں کا مقدر ہے ۔کشمیر آزاد نہ ہوا تو ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے او بھارت کا اپنا وجود برقرار نہیں رہ سکے گا۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر