سید علی گیلانی اور کشمیری عوام نے پاکستانی جھنڈے لہرا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھارت کے ناجائز قبضے کو تسلیم نہیں کرتے ،عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabi سید علی گیلانی اور کشمیری عوام نے پاکستانی جھنڈے لہرا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھارت کے ناجائز قبضے کو تسلیم نہیں کرتے ،عبدالرشید ترابی{/AF}

دبئی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت جب تک کشمیریوں کو حق خود ارادیت فراہم نہیں کر دیتا اس وقت تک عالمی فورم پر اس کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے اندر فوجی انخلاء کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے‘ سید علی گیلانی اور کشمیری عوام نے پاکستانی جھنڈے لہرا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھارت کے ناجائز قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور تقسیم بر صغیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کے بعد پاکستان کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں ۔بھارت کے ٹینکوں ‘ توپوں اور سنگینوں کے سائے تلے پاکستانی پرچم لہرانے والے بہادر اور غیور کشمیری بھارت کے غلام نہیں رہ سکتے ۔ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ کے کردار کا بحال ہونا ضروری ہے ۔ تائیوان میں عالمی کانفرنس کے موقع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے اسلامی تحریکوں کے قائدین ‘ سکالرز ‘ حکومتی نمائندوں ‘ علمائے کرام کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیاگیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورۂ تائیوان کی واپسی پر دبئی میں مسلم سوسائٹی کے زیر اہتمام دیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راجہ عاشق اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور عبدالرشید ترابی کے کامیاب دورے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ دنیا میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل حل کیے جائیں انہوں نے کہا کہ پوری قوم ایک بار پھر اٹھ کھڑی ہوئی ہے بھارت نے ایک عشرہ سے زائد عرصے پر محیط مذاکراتی عمل کا مثبت جواب دینے کے بجائے اس کو تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کے لیے ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کیا ۔ پاکستان کی طرف سے یک طرفہ رعایت دینے کے باوجود بھارت کا پرنالہ وہاں کا وہاں ہی رہا۔ بھارت نے کشمیریوں کو ان کا حق نہ دیا اور سنجیدہ کشمیر پر مذاکرات نہ کیے تو کشمیری 1989ء سے بھی زیادہ پرجوش اور پر تشدد آزادی کی تحریک شروع کرنے مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پرامن مظاہرے کیے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔ لیکن بھارت پر اس کا کوئی اثر نہ ہوا اس کے جواب میں بھارت نے قتل عام ‘ظلم اور جبر کے پہاڑ توڑنے میں سابقہ ریکارڈ بھی توڑ ڈالے جیلوں کے اندر ٹارچر کرکے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا عمل مزید تیز کیا ‘ سیاسی قائدین کو جمعے اور عیدین کی نمازیں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ سید علی گیلانی کی نظر بندی بھارت کے مکروہ چہرے کو عیاں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسرت عالم کو ایک بار پھر گرفتار کرنا بھارت کے جمہوری چہرے پر داغ ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ آزاد کشمیر جو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اس کا کردار بحال ہو ۔جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور بیس کیمپ کے کردار کی بحالی کے لیے جدوجہد کررہی ہے تارکین وطن بھی اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر