{AF}
حکومت نے با صلاحیت اوردیانتدار پولیس افسران اور سیکرٹریز کو انتقام کا نشانہ بنانے کا رویہ ترک نہ کیا تو راست اقدام پر مجبور ہوں گے،عبدالرشید ترابی {/AF}
باغ ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ فہیم عباسی جیسے با صلاحیت پولیس آفیسر کو OSDبنانا قابل مذمت ہے ایسا افسر جو بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ ہو لمحہ فکریہ ہے وزیر اعظم کے پرسنل سیکرٹری کے ساتھ سینئر وزیر کی بدسلوکی سردار نعیم شیراز سیکرٹری تعلیم،سیکرٹری سروسز سمیت دیگر آفیسران اور اہلکاران کے ساتھ نا روا رویہ جماعت اسلامی برادشت نہیں کرے گی اگر حکومت نے اپنا رویہ نہ بدلا اور دیانتدار آفیسران کو تنگ کرنا ترک نہ کیا تو جماعت اسلامی کے ہزاروں مجاہدین اور میں خود ڈنڈا لے کر اسمبلی کا گھیراؤ کروں گا پھر فیصلے عدالتوں میں نہیں چوکوں اور چوراہوں میں ہو ں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ریاست کے ملازمین کسی فرد کے نہیں ریاست کے ہوتے ہیں ان کا کام عوام کی خدمت کرنا ہوتا ہے اگر کوئی آفیسر یا سیکرٹری غلط کام سے وزراء کے راستے میں رکاوٹ بنتا ہے تو اس سے بد سلوکی کی جاتی ہے اس کو OSDکیا جا تا ہے یہ سارے گھناؤنے حربے اپنی کرپشن چھپانے اور اپنے عزیزوں کو میرٹ سے ہٹ کر نوازنے کی وجہ سے کیا جاتا ہے جماعت اسلامی ظلم کرنے والے وزراء اور کرپشن سے روکنے پر سیکرٹری صاحبان اور سرکاری ملازمین اور پولیس آفیسران کے خلاف کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اگر حکومت باز نہیں آئے گی تو پورے آزاد کشمیر میں ان کا گھیراؤ کیا جائے گا پھر کوئی وزیر ،مشیر حلقے میں داخل نہیں ہو سکے گا انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کے پیش نظر آزادخطے میں امن وامان کو ترجیح دیتی ہے لیکن اس کی آڑ میں ظلم اور نا انصافی پر خاموش نہیں رہ سکتی آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمین عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں وزراء اپنے روئیوں کو درست کریں لوٹ مار کے بجائے عوام کی خدمت کریں انہوں نے کہا کہ متاثرین زلزلہ متاثرین بارش ،متاثرین منگلا ڈیم سمیت پورے آزاد کشمیر میں عوام متاثر ہیں لیکن ان کی داد رسی کے بجائے مال بنانے کا رویہ جماعت اسلامی برداشت نہیں کرے گی ،انہوں نے کہا کہ حکومت صدر وزیر اعظم چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس ملازمین پر ہونے والے ناروا رویے کا نوٹس لیں۔