{AF}
جماعت اسلامی ضلع کوٹلی کا تربیتی وتنظیمی کنونشن، موسم کی خرابی کے باوجود نکیال، سہنسہ، پنجیڑہ ، کھوئیرٹہ اور ضلع کے دیگر مقامات سے ارکان جنرل کونسل اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت۔ {/AF}
کوٹلی (پ ر)اسلامی نظام زندگی کے نفاذ،، تطہیرافکار، تنظیم و تربیت ، اصلاح معاشرہ اور زمام اقتدار کی تبدیلی کے لیے کارکنان کو قرآن و سنت سے اپنی وابستگی اور تعلق کومزید مضبوط کرناہوگا۔ ملک میں عملاً اقتدار غاصب اور ظالم قوتوں کے پاس ہے جو عوام کاخون چوس رہے ہیں۔ برادری ازم، کرپشن ،لاقانونیت ، بدامنی، میرٹ کی پامالی اور دیگر معاشرتی خرابیوں کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کی نظریاتی صفوں کو سطح پر مضبوط کرناپڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جماعت اسلامی ضلع کوٹلی کے زیراہتمام گزشتہ روز مسجدالشہداء میں منعقدہ ایک روزہ تربیتی وتنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے مرکزی راہنما جماعت اسلامی آزادکشمیر راجہ نثار احمد شائق، امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ، آزادکشمیرکے معروف عالم دین اور صدر جمعیت اتحاد العلماء مولانا عبدالقادر ندیم، سابق امیر حبیب الرحمن آفاقی، سیکرٹری ضلع مولانا نصائب، مولانا فیض الرحمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کا نصب العین اقامت دین ہے جس کے لیے ہمارے کارکنان قریہ قریہ اپنے کام میں مصروف عمل ہیں۔ اخلاص نیت سے کی جانے والی کاوشیں ایک دن ضرور اسلامی انقلاب کا روپ دھاریں گی۔ ملک اورمعاشرے میں ظلم اور ناانصافی کی جتنی شکلیں ہیں جماعت اسلامی ان کاخاتمہ کرکے شریعت کاعادلانہ نظام لانا چاہتی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک اسلامی کے کارکنان انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے اپنی ذات سے لے کر عالمی سطح پر اصلاح اور تبدیلی کے لیے جدوجہد تیز تر کریں۔ کنونشن 10بجے سے دن 3بجے تک جاری رہا۔