{AF}
آزاد کشمیر میں آمدہ انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کروائے جائیں،ارشد ندیم ایڈووکیٹ{/AF}
راولپنڈی( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں آمدہ انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کروائے جائیں،انتخابی فہرستوں کو نادرا کے ذریعے درست کروایا جائے اور دھاندلی کے تمام دروازے بند کیے جائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صاف اور شفاف انتخابات ہوں تو جماعت اسلامی شاندار کامیابی حاصل کر سکتی ہے روایتی پارٹیوں اور قیادتوں نے عوام کو مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں دیا ظلم اور نا انصافی اپنی حدتوں کو چھو رہی ہیں،میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے جس کی وجہ سے نوجوان مایوسی کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد خطے میں شاندار اسلامی انقلاب برپا کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ہمارے پاس با صلاحیت اور دیانتدار قیادت ہر سطح پر موجود ہے انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ معاشرے میں بکھرے ہوئے اچھے افرادکو بھی اپنی صفوں میں لائیں تا کہ ظلم کا نظام ختم ہو سکے انہوں نے کہا کہ اچھے افراد دیگر پارٹیوں میں بھی موجود ہیں مگر وہ وہاں رہ کر کچھ کر نہیں پا رہے ہیں ان کے لیے بھی ہمارے پاس گنجائش موجود ہے کہ وہ اپنی پارٹیوں سے نکل کر جماعت اسلامی میں شامل ہوں تا کہ اس خطے کے عوام کو ہم ایک اچھا نظام دے سکیں،انہوں نے کہا کہ اس خطے کے حکمرانوں پر دوہری ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے بھی کردار ادا کریں اور عوام کے مسائل بھی حل کریں مگر بد قسمتی سے ہمارے حکمران ان دونوں محاذوں پر کردار ادا کرنے میں ناکام رہیں ہیں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات وقت اور حالات کا تقاضاہے تا کہ عوام اپنے درست نمائندوں کا انتخاب کرسکیں انہوں نے کہاکہ دھاندلی کے دروازے بند ہوں گے تو جماعت اسلامی کو اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔