{AF}
مسئلہ کشمیر پوری امت کا مسئلہ ہے بھارت کو پوری دنیا میں ایک بھی ملک ایسا نہیں ملے گا جو بھارت کے کشمیر پر ناجائز قبضے کو تسلیم کرے، عبدالرشید ترابی{/AF}
سیالکوٹ ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پوری امت کا مسئلہ ہے بھارت کو پوری دنیا میں ایک بھی ملک ایسا نہیں ملے گا جو بھارت کے کشمیر پر ناجائز قبضے کو تسلیم کرے اہل سیالکوٹ کا تحریک آزادی کشمیر میں بڑا کردار ہے ۔میاں نواز شریف کو بھی دعوت دی ہے کہ وہ اس کی قیادت کریں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق صاحب خصوصی خطاب کریں گے ۔1947 ء سے لے کر اب تک یہاں کے وکلاء سیاسی اور سماجی کارکن سب نے لاکھوں مہاجرین کو پناہ دی ۔جس سے صحابہ کرام اور انصار مدینہ کی یاد تازہ ہوئی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ بار ایسوسی ایشن اور دریں اثناء آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ وکلاء تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ رہے ہیں قیام پاکستان کے بعد ریاست جموں وکشمیر کو پاکستان سے الگ کرنا نظریہ پاکستان کی نفی کرنا ہے ۔بھارت کے آئینی فریم ورک میں رہنے سے کشمیریوں نے انکار کر دیا ہے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور آج بھی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ ہے ۔ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو پوری دنیا کا امن خطرے میں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ اگر تحریک آزادی کشمیر نہ ہوتی تو بھارت ایٹمی دھماکے نہ کرتا اور پاکستان بھی ایٹمی طاقت نہ ہوتی تحریک آزادی کشمیر ہی کی بدولت پاکستان کو ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ورنہ اس کا حشر بھی عراق اور لیبیا سے مختلف نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی پاکستان اور دفاعی لحاظ سے مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے اور ا س سے پاکستان کے قد کاٹھ میں اضافہ بھی ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے غیر ضروری تحریک آزادی کشمیر پرپسپائی اختیار کی جس کی وجہ سے تحریک کو نقصان ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مشکلات و مسائل کے باوجود تحریک آزادی کشمیر جاری ہے انہوں نے کہا کہ بھارت نے بھرپور کوشش کی کہ کشمیریوں کو پاکستان کے رول سے مایوس کیا جائے امت کے رول سے مایوس کیا جائے تاکہ وہ ہمارے فریم ورک کے اندر ہی رہنے پر رضا مند ہوں ۔اس کے لیے انہوں نے سید علی گیلانی سمیت قائدین کو نظر بند کیا لیکن اس میں وہ تاحال کامیاب نہیں ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اس مسئلے کو کچلنے کے لیے نئی منصوبہ بندی کی ہے 370کو ختم کرنے ریاست کے مسلم تشخص کو مٹانے کے لیے سازشیں جاری ہیں ۔ ہندوستان کے خطرناک عزائم کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں حکمت عملی اور خارجہ پالیسی وضح کرنی ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کی پشتیبانی کی ہے ۔مہاجرین اور متاثرین کی ہر سطح پر مدد کی ہے سیالکوٹ اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ رہا ہے علامہ اقبال کی وجہ سے یہ خطہ مشہور بھی ہے اور ان کا کشمیر کا کشمیر کے حوالے سے کردار بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے امریکہ کی جنگ کو اپنے گلے میں ڈال کر ایک سو پچیس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہمارے سارے کردار کو نظر انداز کر کے امریکہ نے ہندوستان کے ساتھ نیو کلیئر معاہدہ کر کے پاکستان کو کمزو رکرنے کی سازش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج تک میاں نواز شریف نے کشمیری قیادت سے ملاقات تک نہیں کی جس سے کشمیریوں کو مایوسی کا پیغام مل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا عمل شروع کر رکھا ہے پاکستان میں تخریب کاری کر رہا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی طو رپر کمزور کیا جائے اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کے چہرے سے پردہ اٹھانا چاہیے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا مرکزی کردار بھارت ہے اس بار پانچ فروری کو پہلے سے زیادہ بھرپور انداز سے یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اوباما کے بھارت آنے کے بعد جو حالات پیدا ہوئے ہیں اس پر او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے اقوام متحدہ سمیت ساری دنیا کے سامنے بھار ت کے چہرے کو بے نقاب کیا جائے ۔ مشرقی پاکستان کا بدلہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مصلحتوں سے بالاتر ہو کر قائد اعظم کے تصور کے مطابق بیس کیمپ کے کردار کو بحال کیا جائے پاکستان کی قیادت اور عوام کو اصل صورت حال سے آگاہ کیا جائے اور قاضی حسین احمد کی جلائی ہوئی شمع کو مزید روشن کیا جائے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پانچ فروری کو مظفر آباد میں تاریخی یکجہتی کانفرنس اور ریلی کا اہتمام کیا ہے جس میں ہم نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو بھی دعوت دی ہے کہ وہ اس کی قیادت کریں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق صاحب خصوصی خطاب کریں گے ۔