{AF}
فرسودہ اور ظالمانہ نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے کارکن دین کے پیغام کو ایک ایک گھر تک پہنچائیں ارشد ندیم ایڈووکیٹ{/AF}
کھوئی رٹہ ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ فرسودہ اور ظالمانہ نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے کارکن دین کے پیغام کو ایک ایک گھر تک پہنچائیں نظام مصطفی ہی میں ہمارے مسائل کا حل مضمر ہے ۔یوم یکجہتی کشمیر آزاد کشمیر گلگت بلتستان مقیم مہاجرین پاکستان سمیت پوری دنیا میں جہاں جہاں کشمیری ہیں بھرپور اندا زسے منایا جائے گا ۔جماعت اسلامی کے کارکن باحیثیت امت مسلمہ کے فرد اور دین کے داعی کے وہ اپنے نفس کی اصلاح کے ساتھ ساتھ اپنے کردار اور معاشرے کو بھی بہتر کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ کھوئی رٹہ کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع عبدالحمید چودھری ایڈووکیٹ‘ سابق امیر ضلع حبیب الرحمن آفاقی ایڈووکیٹ‘امیر حلقہ توصیف الرحمن آفاقی ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔اس موقع پر ارشد ندیم نے کہا کہ غریب اور پسے ہوئے طبقے کی آواز جماعت اسلامی ہے اور جماعت اسلامی کے کارکن اس آواز کو گلی کوچے میں پہنچائین اور وہ لوگ جو اس نظام سے بے زار ہیں اور تبدیلی لانا چاہتے ہیں ان کو اپنی صفوں میں لائیں اور اپنی صفوں کو مضبوط کریں تا کہ اس خطے میں حقیقی تبدیلی آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جن مسائل اور مشکلات سے دو چار ہیں وہ اسلامی تعلیما ت سے دوری کی وجہ سے ہیں ۔ ہم اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے والے بن جائیں ہمارے سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔ آج قرآن کا سب سے بڑا حق ہم پر یہ ہے کہ ہم اس کے دیے ہوئے نظام کو نافذ و غالب کریں قرآن کا نظام جب نافذ اور غالب ہوگا تو عام انسانوں کے مسائل حل ہوں گے ان کو عدل ملے گا انصاف ملے گا میرٹ کی خلاف ورزی نہیں ہوگی اور حق دار کو حق ملے گا۔