{AF}
عوام ساتھ دیں تو استحصالی اور فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کر کے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کریں گے عبدالرشید ترابی{/AF}
کہوٹی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ عوام ساتھ دیں تو استحصالی اور فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کر کے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کریں گے‘ کہوٹی ‘ تلکیر کی موثر شخصیات کو جماعت اسلامی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہوٹی کے مقام پر جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سردار تنویر ‘سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں سے ہم زیادہ تقاضا نہیں کرتے لیکن اتنا علم ان کے پاس ہونا چاہیے کہ وہ حق اور باطل کے درمیان تمیز کر سکیں ‘ حرام اور حلال کو جان سکیں اﷲ اور اس کے رسول کی اطاعت پر راضی ہوں ۔ وہ ہماری جماعت کے ممبر بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اسوۂ رسول ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے ۔ اﷲ کے دین کے قیام کے لیے گھر اور معاشرے اور ریاست کی سطح پر نظام کو قائم کرنا ہوگا ۔ اس کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی جماعت اسلامی کا مشن اﷲ کی دھرتی پر اﷲ کے نظام کا قیام ہے ۔ قومیں افراد اور گروہ اپنے مختلف دائروں اور فرقوں سے نکل کر سب منظم اور متحد ہو کر کردار ادا کریں گے تو ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ آج امت میں انتشار اور افراتفری دین سے دوری اور اسلامی تعلیمات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے ہے ۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے گھروں اور اپنے سماج میں نظم و ضبط اور اسلامی کلچر کو عام کریں لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے کے بجائے ان کو فراہم کریں ۔ ہمارے ہاں المیہ یہ ہے کہ ہم عوام کے حقوق سلب کر کے ذاتی بینک بیلنس بنا رہے ہیں ۔ حکومتی سطح پر اس کارروائی کی وجہ سے نچلی سطح پر بھی لوگ اس کی پیروی کرنے پر مجبور ہیں ۔ سڑسٹھ سال گزرنے کے باوجود آج تک یہ آزاد خطہ اسی طرح مسائل کی چکی میں پسا ہوا ہے ہسپتال ہیں تو ڈاکٹر نہیں ‘ ڈاکٹر ہیں تو ادویات نہیں ‘ سڑکیں کھنڈرات ہیں سفارش اور رشوت نے غریب کا جینا دوبھر کر دیا ہمارے اسلاف نے یہ خطہ قربانیاں دے کر نظام عدل کے لیے آزاد کروایا تھا ۔لیکن وہ خواب ابھی تک ادھورا ہے اس نظام کے قیام کے لیے جماعت اسلامی ایجنڈا لے کر نکلی ہے ہر گاؤں اور محلے کے لوگ اس کے شانہ بشانہ شامل ہوں تاکہ یہ کامیابی کی منزل طے کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد خطے میں بائیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے اور آزاد خطے کو صرف چار سو میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے لیکن یہ خطہ لوڈشیڈنگ میں ڈوبا ہوا ہے ۔ یہاں پر بجلی پید اکر کے فیکٹریاں بنائی جا سکتی ہیں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں صرف برطانیہ میں کشمیریوں کے پاس تیس ارب ڈالر موجود ہیں وہ یہان رشوت سفارش اور کرپشن کے کلچر کے خوف سے اپنا سرمایہ یہاں لگانے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر آزاد خطے کو ایک سلامی فلاحی ریاست بنائے گی جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھی کردار ادا کرے گی اور آزاد خطے کے عوام کے لیے بھی سہولیات فراہم کرے گی وہ اس کی ذمہ داری ہے ۔ اس کے لیے آپ ہمارا ساتھ دیں تا کہ ہم استحصالی نظام کو ختم کر کے اس کی جگہ اﷲ کا نظام قائم کریں تاکہ آپ کے مسائل حل ہوں اور آپ کو رشوت ‘سفارش اور اقرباء پروری سے نجات مل سکے۔اس موقع پر سردار منظور ‘سردار عبدالحمید‘ سردار محمد روشن ‘ سردار آفتاب ‘سردار محمد انیس ‘ محمد منشاد ‘سردار محمد سدیر ‘سردار محمد اکرم ‘ سردار حافظ محمد آفتاب ‘ سردار محمد اسد‘ سردار عبدالرحمن سمیت دیگر اشخاص نے خاندانوں سمیت پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔