جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے باغ پریس کلب کے سامنے کھلی کچہری لگائی

{AF}abdul rasheed turabiجماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے باغ پریس کلب کے سامنے کھلی کچہری لگائی{/AF}

باغ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے باغ پریس کلب کے سامنے کھلی کچہری لگائی جس میں مرد و خواتین بچوں اور بوڑھوں اور مہاجرین نے مسائل کے انبار لگا دیے متاثرین نے کہا کہ اﷲ کے بعد ہمیں جماعت اسلامی اور عبدالرشید ترابی سے امید ہے کہ وہ ہمیں انصاف دلائیں گے ۔ اس سے قبل بھی انہوں نے انصاف دلایا متاثرین زلزلہ اور سیلاب سمیت بے سہاروں کی مدد کی ہے اور اب بھی امید ہے کہ وہ ہمیں بے سہارا نہیں چھوڑیں گے ۔ اس موقع پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ باغ کو ایک سازش کے تحت اجاڑنے کی کوششیں ہو رہی ہیں ظلم اور نا انصافی میرٹ کی پامالی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے غریب اور بے سہارا لوگوں کی کہیں بھی شنوائی نہیں ہے قاری صاحبان کی تقرریوں میں بے انتہا نا انصافی برتی گئی ویمن یونیورسٹی میں جو قومی ادارہ تھا اس میں میرٹ پامال کر کے مذاق بنایا گیا ۔ جو لوگ تعینات کیے گئے وہ تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتے تھے باغ میں زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔ غیر مستحق افراد کو شیلٹر فراہم کیے گئے اور جو مستحق تھے وہ ابھی تک دربدر ہیں ۔ حیرت کی انتہا یہ ہے کہ 2005کے متاثرین زلزلہ کو ابھی تک معاوضے تک بھی نہیں مل سکے ۔ وزیر اعظم پاکستان وزیر اعظم آزاد کشمیر کے دوروں کے باوجود ابھی تک متاثرین سیلاب کے مسائل حل نہیں ہوئے۔ کمیشن خوروں اور قبضہ مافیا نے باغ کو اجاڑنے کا پروگرام بنایا ہوا ہے جو جماعت اسلامی ناکام بنائے گی ۔ کمیشن لے کر ٹھیکے دیے جا رہے ہیں کرپشن اور دفاتر میں رشوت ستانی کے بازار گرم ہیں ‘ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے انتہا کمی کے باوجود یہاں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کا نہ ہونا حکومت اور انتظامیہ کی بد ترین نا اہلی ہے انہوں نے کہا کہ جعلی سکیمیں بنائی جا رہی ہیں ۔ عوام کے وسائل لوٹے جا رہے ہیں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے ادویات اور سٹاف دستیاب نہیں ہے مساکین اور بیواؤں کے بجائے ادویات جیالوں میں تقسیم کی جا رہی ہیں ۔ قومی فنڈز جو مساکین اور معذروں کے لیے آتے ہیں وہ بھی متوالوں کی نذر ہورہے ہیں بیت المال مسکینوں پر خرچ نہیں ہو رہا وسائل کی لوٹ سیل لگی ہوئی ہے مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے ۔ مہاجرین کے اپنے گلے شکوے ہیں جو یہاں آزادی کی آرزو لے کر آئے تھے وہ مایوسی کا شکار ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ باغ میں اجتماعی ملکیت کی چراگاہیں BDAکے نام پر نوٹیفائی کر کے لوگوں کو محروم کیا جا رہا ہے ۔ ان حالات میں ہم سب کی اور خاص کر پریس کلب کی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ آواز بلند کریں جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کی ترجمانی کی ہے اور باغ پریس کلب نے ہمارے ساتھ مل کر ہمیشہ مسائل کے حل کی آواز بلند کی ہے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ شہداء کا مشن ابھی تک پورا نہیں ہوا ۔ کشمیر کی آزادی ہم پر فرض اور قرض ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکی آزادی کے لیے آزاد خطے میں حقیقی قیادت کا بر سراقتدار آنا تحریک آزادی کشمیر کا تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باغ کے مسائل کے حل کے لیے ہم نے دھرنے دیے تو پل تعمیر کیے گئے ۔ سڑکیں تعمیر ہوئیں آپ لوگ ساتھ دیں تو ہم 1947ء کی طرح جہاد کا اعلان کرتا ہوں ۔ میں آج باغ میں باغ کے غیور عوام کے سامنے اس ظالمانہ نظام کے خلاف جہاد کا اعلان کرتا ہوں ۔ ہمیں اپنے بھایوں کی مدد کرنی چاہیے وزراء اور حکمران ظلم سے باز آ جائیں صورت حال کو خانہ جنگی کی طرف نہ لے جائیں ۔ میں ایک مہینے کا نوٹس دیتا ہوں کہ جعلی تقرریاں منسوخ کی جائیں خلاف میرٹ لوگوں کو فارغ کیا جائے۔قبضہ مافیا کو لگام دی جائے ۔ باغ کے تعمیراتی پراجیکٹس شروع کیے جائیں ۔ میں باغ والوں کو کہتا ہوں کہ میں آپ کے حقوق کے تحفظ کے لیے نکلا ہوں تو میرا ساتھ نہیں دیں گے تو کل اﷲ کے ہاں خود ہی جواب دیں گے ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر نثار شائق ‘ سابق امیر ضلع تنویر انور خان ‘ پریس کلب کے قائد پرویز الحسن ‘ سید نزاکت گردیزی ذوالفقار ایڈووکیٹ ‘صوبیدار ریاض ‘ میجر آزاد ‘سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر میجر آزاد نے کہا کہ باغ کو بنے ہوئے بتیس سال ہو چکے ہیں میڈیکل شعبے کی کارکردگی صفر ہے پانچ لاکھ کی آبادی میں صحت کی کوئی سہولت میسر نہیں ۔سرکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں ۔ باغ سی ایم ایچ کے قیام کے لیے ترابی صاحب اپنا کردار اد اکریں ۔ پرویز الحسن نے کہا کہ باغ میں اپوزیشن کا کردار صرف جماعت اسلامی ادا کر رہی ہے مسائل اجاگر کرنے کے لیے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔سید نزاکت گردیزی نے کہا کہ عبدالرشید ترابی پوری دنیا میں مظلوموں کی آواز بلند کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بے نظیر پیلس جہاں بنا ہے وہ بھی ایک غریب آدمی کی زمین پر قبضہ کیاگیا ہے ذوالفقار ایڈووکیٹ نے کہا کہ شیلٹر امیروں کے پاس ہیں حق داروں کو حق نہیں مل سکا ۔ احتساب بیورو طاقت ور ہوتا تو لوگ وہان مسائل لے جاتے ۔ صوبیدار ریاض نے کہا کہ پچپن ارب روپے وفاقی حکومت لے کر گئی ۔ابھی تک واپس نہیں کیے جماعت اسلامی اور عبدالرشید ترابی نے ان کے لیے بھی بہت کوشش کی وہ اپنی کوششوں کو جاری رکھیں ہم ان کے لیے بہت مشکور ہیں اور ان کا بھرپو ر ساتھ دیں گے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر