{AF}
فرانس سے شائع ہونے والے میگزین نے ایک بار پھر گستاخانہ خاکے شائع کرنے کا اعلان کر کے سوا ارب مسلمانوں کے ایمانی جذبات مجروح کیے ہیں۔شیخ عقیل الرحمن ایڈووکیٹ{/AF}
›مظفر آباد ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر آل پارٹیز کانفرنس مظفر آباد کے چیئرمین شیخ عقیل الرحمن ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے حکمران اگر اس گستاخانہ رویے پر خاموش رہیں گے تو نوجوان ان ہی طرف رجوع کریں گے جو اس مرحلے پر ان کے جذبات کی ترجمانی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت ؐ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘سوا ارب مسلمان توہین رسالت ؐ کو اپنے ایمان پر حملہ تصور کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرانس میں میگزین کے دفترپر جو بھی ہواسب نے اس کی مذمت کی مگر آج میگزین جو کر رہا ہے اس کے خلاف بھی آواز بلند ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا ایمان مکمل ہی نہیں ہوتا وہ جب تک وہ تمام انبیاء اور ان پر بھیجی ہوئی کتابوں پر ایمان نہ لائیں ۔مسلمان تمام انبیاء اور اﷲ کی کتابوں کو مقدس سمجھتے ہیں مگر مغرب میں خاتم النبیین ؐ کی شان میں گستاخی معمول بن چکا ہے اور مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے ایسا کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ یہی وہ محرکات ہیں جو دہشت گردی کو جنم دے رہے ہیں ان محرکات کو جب تک ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک دنیا سے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی ۔دہشت گردی کی بنیاد یہی مغربی انتہا پسند ہیں جو اس طرح کی حرکات ایک منصوبے کے تحت کرتے ہیں اور مسلمانوں کو مشتعل کر کے حالات خراب کرتے ہیں ۔ اس لیے اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مغرب کی غلامی کا طوق اتار پھینکیں اور اﷲ کے رسول ؐ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی مذمت کریں اور اس کو رکوائیں ۔