{AF}
ملازمین ریاست کے ہوتے ہیں وزراء اپنے رویوں پر نظر ثانی کریں ‘ ترجمان جماعت اسلامی{/AF}
حکومت متاثرین پترینڈ کے مسائل فوری طور پر حل کرے‘جماعت اسلامی ملازمین اور مظلومین کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی حکومت نے رویہ درست نہ کیاتو راست اقدام کرے گی راولپنڈی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ترجمان راجہ ذاکر خان نے کہا ہے کہ ملازمین ریاست کے ہوتے ہیں وہ وزراء اور حکومت کے نہیں ہوتے آزاد کشمیر کے وزراء اپنے رویوں کو درست کریں اور ریاست کے وزیر بنے اپنے قبیلے اور علاقے کے وزیر نہ بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے آزاد کشمیر کے وزراء اور ممبران اسمبلی جس طریقے سے مینڈیٹ لے کر آئے ہوئے ہیں وہ حقیقت سب کو معلوم ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے پیش نظر آزاد خطے میں افراتفری اجتماعیت کو نقصان پہنچانے کا باعث ہوتی ہے اس لیے اس کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزراء اور ممبران اسمبلی اپنے اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کو میرٹ کا قتل عام کر کے نواز رہے ہیں۔ ریاست کی سکیمیں خرد برد کی جا رہی ہیں عوام رل رہے ہیں اور وزراء عیاشیوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طو رپر متاثرین پترینڈ کے مسائل حل کرے جماعت اسلامی ملازمین اور مظلومین کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی ۔ حکومت نے رویہ نہ بدلا تو راست اقدام پر مجبور ہوں گے۔ شعبہ نشرو اشاعت