{AF}
پاکستان میں بیرونی ایجنٹوں کی سازشوں اور کارگزاریوں کی وجہ سے نازک صورتحال پیدا ہوچکی ہے،عبدالرشید ترابی{/AF}
مظفرآباد(پ ر)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی ایجنٹوں کی سازشوں اور کارگزاریوں کی وجہ سے نازک صورتحال پیدا ہوچکی ہے،ایسے حالات میں تبدیلی کا ایجنڈا صرف جماعت اسلامی کے پاس ہی ہے۔عوام مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں ،حکمران عیاشیوں میں مصرو ف ہیں ،آزادکشمیر کے ممبران اسمبلی نے اپنی مراعات میں اضافہ کرالیا مگر عوام اب تک حالات کے رحم وکرم پر ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے اراکین جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے نائب امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر شیخ عقیل الرحمن ،امیر ضلع سید نذیر حسین شاہ اور قاضی شاہد حمید و دیگرقائدین نے خطاب کیا ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک جمہوری اور اسلامی تحریک ہے جن جماعتوں کے اپنے نظام میں جمہوریت نہیں وہ ملک میں کیا جمہوریت قائم کریں گے جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد اور تمام تعصبات سے بالاتر ہو کرکام کررہی ہے،انہوں نے کہا کہ اراکین جنرل کونسل ایک ایک گھر گھر اور ایک ایک فرد تک اپنی دعوت پہنچائیں قرآن وسنت سے اپنا تعلق مضبو ط کریں،معاشرے میں موجود بگاڑ کو ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے آزادخطہ کے عوام کو کرپٹ اورظالمانہ نظام سے نجات دلانا ہوگی،تحریک آزادی کشمیر کا تقاضا ہے کہ یہاں ایسے افراد کا انتخاب ہو جو لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ کرکے معاشرے کی اصلاح کریں،انہوں نے کہا کہ اس وقت کرپشن کی وجہ سے بگاڑ پیدا ہورہی ہے نوجوانوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے،حکمران جیالہ نوازی اور اقرباء پروری کو فروغ دے رہے ہیں ہر وزیر اپنے حلقے کا وزیر اعظم ہے،میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے ایسے حالات میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کے ترجمان بن کر عوامی مسائل میں دلچسپی لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ ہفتہ یکجہتی حق خودارادیت مہم کو فروغ دینے کے لیے ای میل مہم کو وسیع پیمانے تک بڑھائیں انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں متحد ہوکر مسلمانوں اور اسلام کے خلاف صف آراء ہیں ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا ہوگا۔