{AF}
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ سے عبدالرشید ترابی کی ملاقات گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات،دیامر ڈیم اور بالائی علاقوں میں گندم کی فراہمی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کے امیر عبدالرشید ترابی نے وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،ترجمان کے مطابق عبدالرشید ترابی نے گلگت بلتستان میں آمدہ انتخابات اور متاثرین دیامر ڈیم اور بالائی علاقوں میں برفباری سے قبل گندم کی فراہمی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ،میر محمد شامل تھے،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آمدہ انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ انتخابی فہرستوں کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے انہیں نادرا کے ڈیٹا بیس کی مدد سے درست کیا جائے،الیکشن کمیشن کو باا ختیار بنایا جائے،الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے،نگران حکومت غیر جانبدار اور اچھی شہرت کے افراد پر مشتمل ہو،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے گورنس آرڈر میں ترمیم سے قبل تمام سیاسی جماعتوں اور تمام مکاتب فکر کو اعتماد میں لیا جائے،گندم کی ترسیل کو بالائی علاقوں تک برفباری سے قبل پہنچانے کا انتظام کیا جائے اور گندم کے کوٹے میں حالیہ کمی کو پورا کیا جائے،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ دیامر ڈیم کے متاثرین کے معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور متنازعہ امور کو شفاف طریقے سے حل کیا جائے،ا س موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ 12دسمبر سے قبل اس حکومت کا 5سالہ مدت پوری ہونے سے پہلے ان امور پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے تمام تر انتظامات کیے جائیں گے اور جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال کیا جائے گا۔