سبھرا منیم سوامی کا بیان ہرزہ سرائی اور فرقہ پرستانہ ذہنیت کا عکاس ہے، جماعت اسلامی

{AF}logo-jamaat-e-islami-ajkسبھرا منیم سوامی کا بیان ہرزہ سرائی اور فرقہ پرستانہ ذہنیت کا عکاس ہے، جماعت اسلامی {/AF}

سرینگر( پ ر)سبھرا منیم سوامی جو بی جے پی کا ملکی سطح کا ایک لیڈر ہے ،کے اس بیان جس میں انہوں نے کشمیر میں دس لاکھ سابق فوجیوں کو بسا کر، پنڈتوں کی کشمیر واپسی کو یقینی بنانے کی بات کی ہے، کو جماعت اسلامی جموں و کشمیر نے ہرزہ سرائی اور فرقہ پرستانہ ذہنیت کا عکاس قرار دیتے ہوئے اس کی کڑی مذمت کی ہے۔ بی جے پی کی اصلیت اور چھپے مقاصد سے اب ساری دنیا آگاہ ہے کہ وہ ہندوستان میں’’اکھنڈ بھارت‘‘ کے گمراہ کن نعرے کی آڑ میں مسلمانوں کو ہندوانہ رنگ میں رنگ کر اُن کی دینی شناخت ختم کرنے کے درپے ہے لیکن بی جے پی والوں کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ مسلمان نے اﷲ کا رنگ شعوراً اختیار کر لیا ہے اور اُس کو اس حقیقت پر مکمل ایمان اور یقین ہے کہ اﷲ کے رنگ یعنی اسلام سے اور کوئی رنگ بہتر ہے نہ ہو سکتا ہے۔ وہ لوگ بیوقوفوں کی دنیا میں رہتے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ اُن کی بھونڈی چالوں سے مسلمان اس رنگ سے دستبردار ہوگا یا اس رنگ میں کسی آمیزش کی کوشش کا ساتھ دے گا۔ چند غافل یا بے شعور افراد کی احمقانہ حرکتوں کو ساری اُمت مسلمہ پر چسپاں کرنا، اپنی آنکھوں پر پٹی باندھنے کے مترادف ہے۔ آج کا مسلمان، اپنے دین و ایمان کو اپنی سب سے قیمتی شے سمجھ کر اس کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور فرقہ پرست اور اسلام دشمن عناصر جن کا بی جے پی میں غلبہ ہے اور جو اس کے پالیسی ساز اداروں میں خصوصی حیثیت رکھتے ہیں کی ان گیدڑ بھبکیوں سے مسلمان ڈر کر اپنے دین و ایمان سے دستبردار ہونے والے نہیں کیونکہ یہ کوئی بکاؤ مال نہیں ہے۔ سھبرامنیم جی کے اس دھمکی آمیز بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اس پارٹی کو کشمیر ی پنڈتوں کی باز آبادکاری کی فکر نہیں ہے اور نہ وہ اس بارے میں سنجیدہ ہے البتہ وہ اس کی آڑ میں اس ریاست کی مسلمان اکثریت کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ جہاں تک کشمیری پنڈتوں کی واپسی کا سوال ہے یہاں کا کوئی مسلمان اس کے خلاف نہیں ہے بشرطیکہ وہ یہاں آکر اپنے مسلمان ہمسایوں کے ساتھ حسب سابق مل جل کر زندگی بسر کرنے پر تیار ہوں ۔ الگ کالونیوں کا تصور ہی فرقہ پرستانہ اور مفسدانہ ہے اور پنڈت برادری کو کبھی اس گمراہ کن پروپیگنڈے میں نہیں آنا چاہیے بلکہ سامنے آکر اس کا توڑ کرکے ، اس منافرانہ سیاست سے اپنی کنارہ کشی کا واضح ثبوت دینا چاہیے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر